رام پور، 3جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سماج وادی پارٹی کے لیڈر محمد اعظم خان کی زبان کاٹنے والے کو پچاس لاکھ روپے کا انعام دینے کا اعلان کرنے پر وشو ہندو پریشد (وی ایچ پی) لیڈر سمیت دو لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ اعظم خان کے میڈیا انچارج فرحت شانو نے گزشتہ 29جون کو گنج تھانہ میں شاہ جہاں پور کے وشو ہندو پریشد کے ضلع صدر راجیش اوستھی اور اترپردیش نو نرمان سینا کے صدر امیت جانی کے خلاف معاملہ درج کرایا تھا۔ انہوں نے الزام لگایا تھا کہ اوستھی نے اعظم خان کی زبان کاٹنے والے کو پچاس لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے یہ الزام بھی لگایا تھا کہ امیت جانی نے لکھنؤ میں اعظم خان کی رہائش گاہ اور دفتر کے باہر انہیں گھیر کر لوگوں کو ان کی پٹائی کرنے پر اکسایا تھا۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ اعظم خان کو اوستھی اور امیت سے جان کا خطرہ ہے ۔پولیس نے بتایا کہ گنج تھانہ میں راجیش اوستھی اور امیت جانی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔