اعظم خان نے سرحدوں کے تحفظ میں مسلمانوں کے رول کا حوالہ دیا : ملائم سنگھ

اعظم خان نے سرحدوں کے تحفظ میں
مسلمانوں کے رول کا حوالہ دیا : ملائم سنگھ
اناؤ ۔ 24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سماج وادی پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو نے پارٹی لیڈر محمد اعظم خان کے کارگل جنگ کے بارے میں متنازعہ ریمارک کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہندوستانی سرحدوں کی حفاظت میں مسلمانوں کے حصہ کا حوالہ دیا ہے۔ انہوں نے شہید عبدالحمید کی مثال پیش کی اور کہا کہ ہندوستانی سرحدوں کی حفاظت میں مسلمانوں نے بھی اپنا حصہ ادا کیا ہے۔ ملائم سنگھ یادو نے انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 1965ء ہند ۔ پاک جنگ میں عبدالحمید نے اہم رول ادا کیا تھا۔ جب ہم یہ بات کہتے ہیں تو کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن اس معاملہ میں اعظم خان اگر کچھ کہیں تو اس پر واویلا مچایا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے اعظم خان پر اشتعال انگیز تقریر کی بناء امتناع عائد کیا ہے۔ انہوں نے غازی آباد میں انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ مسلم سپاہیوں کی وجہ سے کارگل جنگ جیتی گئی تھی۔ ملائم سنگھ یادو نے کہا کہ ہندوستان کی ترقی میں مسلمانوں کے رول کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے سوال کیا کہ بنارسی ساڑیاں، زیورات اور برتن کون بناتے ہیں۔ پھر انہوں نے جواب دیا کہ یہ سب مسلمان ہی بناتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ترقی میں مسلمانوں کے رول کو نظرانداز نہیں کرسکتے۔ انہوں نے مسلمانوں کی ابتر صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے سچر کمیٹی رپورٹ کا حوالہ دیا۔