اعصام نے چین میں اے ٹی پی ورلڈ چمپئن شپ جیتی

چینگدو (چین) ، 2 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق قریشی اور ان کے پارٹنر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اے ٹی پی ورلڈ چمپئن شپ جیت لی۔ اعصام الحق اور ان کے پارٹنر جوناتھن ارلک نے برازیل کے مارسیلو ڈیمولائنر اور نیوزی لینڈ کے مارکوس ڈینیئل پر مشتمل جوڑی کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ چین کے شہر چینگدو میں ہونے والے ایونٹ کے فائنل میں اعصام اور ارلک نے پہلے سٹ میں صرف تین گیمز گنوائے اور 6-3 سے کامیابی حاصل کر کے برتری حاصل کی۔ البتہ دوسرے سٹ میں سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا لیکن ٹائی بریکر پر فتح نے پاکستانی اسٹار اور ان کے ساتھی کے قدم چومے جہاں انہوں نے 6-7 سے مقابلہ جیت کر چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔