اعجاز پٹیل پاکستان کیخلاف نیوزی لینڈ ٹیم میں شامل

ویلنگٹن۔26 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف سیریز کے لئے بائیں ہاتھ کے اسپنر اعجاز پٹیل کو ٹسٹ اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے جبکہ ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈز کا اعلان بھی کر دیا گیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی۔ہند نژاد اعجاز پٹیل نے نیوزی لینڈ کے ڈومیسٹک ٹورنمنٹ کے دوران شاندار کارکردگی پر خود کو ٹیم میں شمولیت کا حقدار ثابت کیا۔ وہ گزشتہ سیزن کے دوران بہترین بولر کا ایوارڈ جیتنے میں کامیاب رہے تھے جبکہ انہوں نے9 میچوں میں48 وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کو چمپیئن بنانے میں بنیادی کردار ادا کیا تھا۔مچل سینٹنر کے ان فٹ ہونے کی وجہ سے اعجاز پٹیل کو ٹسٹ کیپ ملنے کے واضح امکانات ہیں۔کیوی سلیکٹر گیون لارسن نے کہا کہ اعجاز نے خود کو اس شمولیت کا حقدار ثابت کیا ہے اور ہمیں توقع ہے کہ وہ سیریز میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں جبکہ ہمارے پاس ایش سودھی اور ناتھن ایسٹل کی صورت میں دیگر2 اسپنرز بھی موجود ہیں اور اب اماراتی وکٹوں پر پاکستان سے مقابلہ مشکل نہیں ہوگا۔ بی جے واٹلنگ کے ساتھ بلنڈل بھی متبادل وکٹ کیپر کے طور پر15رکنی ٹسٹ اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔واٹلنگ ونڈے اسکواڈ میں بھی شامل ہیں انہوں نے اپنا آخری ون ڈے دسمبر2016میں کھیلا تھا۔ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈز میں فی کس13کھلاڑی شامل ہیںاوران میں مزید 2-2کھلاڑیوں کا اضافہ اے ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔ سیریز کے دوران 3 ٹسٹ،5ونڈے اور3 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے جائیں گے۔ سیریز کے باقاعدہ تفصیلات کا اعلان ابھی نہیں ہوا تاہم نیوزی لینڈ کی ٹیم اکتوبر کے وسط میں متحدہ عرب امارات پہنچ جائے گی۔