لندن ، 8 سپٹمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم نے انگلینڈ کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سرفراز احمد کی قائدانہ صلاحیتوں کی تعریف کی لیکن انہیں فی الحال اظہر علی کی جگہ ونڈے ٹیم کا کپتان بنانے کی مخالفت کی ہے۔ پاکستان نے چہارشنبہ کو ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلینڈ کو کھیل کے تمام شعبوں میں مات دیتے ہوئے نو وکٹ کی آسان فتح درج کرائی۔ اکرم نے کہا کہ وکٹ کیپر بیٹسمن میں ایک اچھے کپتان کی خوبیاں نظر آئیں، انہوں نے مکمل تحمل کا مظاہرہ کیا اور پورے میچ میں بولنگ میں شاندار تبدیلیاں کیں۔ اس کے باوجود ونڈے سیریز میں 4-1 کی شکست سے دوچار اظہر کو قیادت سے ہٹانے کی مخالفت کرتے ہوئے اکرم نے کہا کہ ’’میرے خیال میں اظہر کو قیادت سے ہٹانا نہیں چاہئے کیونکہ ابھی سرفراز کو یہ منصب سونپنا جلد بازی ہو گی۔ انہیں ان کے موجودہ عہدوں پر برقرار رکھیں اور ان کے بارے میں فیصلہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے بعد کریں‘‘۔