اظہر محمود کے کے آر کیلئے کھیلیں گے

کراچی ، 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق آل راؤنڈر اظہر محمود کو ڈیفنڈنگ انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) چمپینس کولکاتا نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کی طرف سے کھیلنے کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ آج ’جیو نیوز‘ سے بات کرتے ہوئے اظہر نے کہا کہ انھیں اس ٹیم کا حصہ بننے کیلئے منتخب ہونے پر خوشی محسوس ہورہی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ وہ خاص طور پر اس لئے شکرگزار ہیں کہ انھیں ’اپنے ہیرو‘ لجنڈری پیس بولر وسیم اکرم کے ساتھ ٹیم کا حصہ ہونے کا موقع نصیب ہورہا ہے، جو اس آئی پی ایل ٹیم کے بولنگ کوچ ہیں۔ اظہر نے 213 ٹی 20 میچز کھیل رکھے ہیں اور آئی پی ایل میں دو سیزن کنگس الیون پنجاب کیلئے کھیلے ، جس کے دوران انھوں نے 382 رنز 129.05 کی اسٹرائک ریٹ پر بنائے۔ انھوں نے 22 میچوں میں 22 وکٹیں بھی لئے جن کیلئے 7.61 کی شرح پر رنز خرچ کئے۔ آئی پی ایل کا آٹھواں سیزن 8 اپریل کو شروع ہوگا۔