لندن۔26 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اوپنر اظہر علی نے انگلش کاونٹی کرکٹ چمپئن شپ میں اپنے پہلے ہی میچ میں سمرسیٹ کی جانب سے سنچری بنا کر اپنے انتخاب کو درست ثابت کردیا۔ ورسسٹر میں اظہر علی نے ورسسٹر شائر کیخلاف ڈویژن ون کے میچ میں سنچری بناکر اپنے پہلے کاونٹی میچ کو یادگار بنا دیا۔ اظہر علی کو پہلی مرتبہ کاونٹی کھیلنے کا موقع ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی کوششوں سے ملا۔ گھٹنے کی تکلیف میں مبتلا اظہر علی انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز میں ناکام رہے تھے لیکن کاونٹی میچ میں اظہر علی نے شاندار بیٹنگ کی۔ انہوں نے ایک چھکے اور11 چوکوں کی مدد سے 125 رنز کی اننگز کھیلی۔ اظہر علی نے پہلی اننگز میں 5چوکوں کی مدد سے 37 رنز بنائے تھے۔اس میچ میں وورسٹر شائر کو کامیابی کیلئے ابھی مزید 422 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی8 وکٹیں باقی ہیں۔ اظہر علی ریورس سویپ کھیلتے ہوئے معین علی کی گیند پر ملٹن کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔اظہر علی کی ٹیم نے دوسری اننگز 9 وکٹوں پر362 رنز بنا کراننگز ڈیکلیر کی۔یاد رہے انگلینڈ کے خلاف حالیہ منعقدہ ٹسٹ سیریز میں اظہر علی کا مظاہرہ معیار کے مطابق نہیں تھا۔