لاہور۔30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) سابق کرکٹرز کی مخالفت کے بعد ونڈے کپتان اظہر علی کے لئے مشکلات بڑھنے لگی ہیں۔ سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ ہمارے کلچر میں دو یا تین کپتان نہیں چل سکتے ،اظہر علی کی جگہ سرفراز احمد کو کپتان ہونا چاہئے اوراس کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کپتان تبدیل ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ ٹیم فوراً ہی تبدیل ہو جائے گی بلکہ اس سے رفتہ رفتہ بہتری آئے گی۔ رمیز راجہ نے بھی اظہر علی کو عہدے سے ہٹانے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ سرفراز احمد بہترین فیصلہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اظہر علی میں صورتحال کے مناسبت سے فیصلے کرنے کی اہلیت نہیں۔ سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کہا کہ سرفراز احمد تینوں فارمیٹس کے بہترین کپتان ہیں۔ ٹیم قائدکا تقرر بھی ایک آرٹ ہے لیکن یہ کام کون کرے گا معلوم نہیں۔ہاں اگر یہ کام انضمام الحق کریں تو ہو سکتا ہے ، تیر سیدھا نشانے پر لگے۔ سابق کپتان محمد یوسف نے بھی ونڈے ٹیم کے کپتان کے طور پر سرفراز احمد کا نام لیا اور کہا کہ کپتانی کیلئے ایک ہی نام ہے اور وہ سرفراز احمد ہیں۔ سابق بولرسکندر بخت کے بموجب پاکستان کرکٹ بورڈ کا آئین ہی غلط ہے جبکہ شہریارخان کے پاس کپتان مقرر کرنے کا حق نہیں۔ عاقب جاوید نے کہا کہ کپتان کے پاس وژن ہونا چاہئے، اگر پھر کسی غیر موزوں کھلاڑی کو کپتانی سونپی گئی تو پھر کپتان ہی بدلتے رہیں گے اور آئی سی سی ورلڈ کپ سر پر آجائے گا۔