اظہرالدین کے ریکارڈ سے کوہلی 37 رنز دور

نئی دہلی۔ یکم اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی ویسٹ انڈیز کے خلاف آئندہ دو ٹسٹ مقابلوں کی سیریز میں 15 رکنی ٹیم کی کپتانی کرنے اتریں گے جس میں وہ اس حریف ٹیم کے خلاف سابق کپتان محمد اظہر الدین کے سب سے زیادہ ٹسٹ رنز کا ریکارڈ توڑ سکتے ہیں۔ کوہلی کو ایشیا کپ کی ہندوستانی ٹیم میں آرام دیا گیا تھا جبکہ روہت شرما نے ٹیم کے کپتان کی ذمہ داری سنبھالی تھی اور اسے ساتویں مرتبہ چمپئن بنایا تھا۔ کوہلی دوبارہ ٹیم کی گھریلو سیریز سے جوڑیں گے ۔ہندوستانی کپتان اور اسٹار کھلاڑی تقریباً ہر میچ میں نیا ریکارڈ قائم کررہے ہیں اور اس مرتبہ جب وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلیں گے تو وہ اس ٹیم کے خلاف سب سے زیادہ ٹسٹ اسکور بنانے کے معاملے میں اظہر الدین کو پیچھے چھوڑ سکتے ہیں۔ کوہلی کے لئے یہ کامیابی آسان سمجھی جاسکتی ہے ۔ کوہلی کے نام ابھی تک ونڈیز کے خلاف 502 رنز ہیں اور وہ سابق کرکٹر اظہر الدین کے 539 رنوں سے محض37 رنز دور ہیں۔ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹسٹ میں کوہلی پہلے ہی مہندر سنگھ دھونی(476) کا ریکارڈ توڑ چکے ہیں۔ دھونی نے سال 2014 میں ٹسٹ کرکٹ سے سبکدوشی لے لیا تھا۔ کوہلی نے اب تک ونڈیز کے خلاف 38.61 کی اوسط سے رنز بنائے ہیں۔ ونڈیز کے خلاف سابق کرکٹر سنیل گاوسکر ٹسٹ میں 2746 رنوں کے ساتھ ہندوستانی کرکٹروں کی فہرست میں اب بھی سرفہرست ہیں۔ ان کے بعد راہول ڈراویڈ 1978 رنوں کے ساتھ دوسرے مقام پر، وی وی ایس لکشمن 1975 رنوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ ونڈیز اور ہندوستان کے مابین1948 سے اب تک جملہ 94 ٹسٹ میچ کھیلے گئے ہیں جن میں ویسٹ انڈیز نے30 اورہندوستان نے28 اپنے نام کئے ہیں جبکہ 46 میچ ڈرا رہے ہیں۔ موجودہ سیریز میں ہندوستان اور ونڈیز کے مابین پہلا میچ راج کوٹ میں چار اکتوبر سے کھیلا جائے گا اور دوسرا ٹسٹ12 اکتوبر سے حیدر آباد میں ہوگا۔ اس کے بعد پانچ ونڈے اور تین ٹی20 میچوں کی سیریز ہونی ہے اور ویسٹ انڈیز کی موجودہ ٹیم کے خلاف ہندوستان کو پسندیدہ موقف حاصل ہے۔