اضلاع میں عیدالاضحی جوش و خروش سے منائی گئی

بودھن : عیدگاہ جدید بودھن پر نماز عیدالاضحی کیلئے جمع بندگان توحید سے رکن اسمبلی بودھن جناب محمد شکیل عامر نے مخاطب کرتے ہوئے کہا عیدین مکانوں میں آپسی اتحاد و اجتماعت کا مظاہرہ کرنے کا ایک زرین موقع ہے جس کو اللہ تعالی بے حد پسند فرماتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کے حضور میں مانگی جانے والی اجتماعی دعائیں بے حد مقبول ہوجاتی ہیں ۔ قبل ازیں قطیب و امام مولانا سید نصیرالدین نے پیغمبر حضرت ابراہیم علیہ السلام کی طرف سے احکام اللہ پر عمل آوری اور حضرت اسماعیل کی سعادت مندی کے واقعہ کی تفصیلات بیان کئے ۔ بودھن شہر کے محلہ رئیں پیٹ کی جامع مسجد میں نماز عیدالاضحی مفتی محمد جابر اشاعتی نے پڑھائی اور اس طرح شہر کے 39 میں سے تقریباً 20 مساجد میں صبح 6.30 تا 8.30 بجے کے درمیان مسلمانوں نے خوش و خضوع کے ساتھ نمازیں ادا کی اور قربانیوں کا اہتمام کیا ۔ اس مرتبہ مینڈوں ، بکروں کے علاوہ صرف نر گاؤں کی ہی قربانیاں دی گئیں ۔

میدک : میدک ٹاون اور قریبی مقامات پر عیدالاضحی نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی ۔ عیدگاہ میدک میں 10 ہزار سے زائد فرزندان توحید خشوع و خضوع کے ساتھ حافظ سید خواجہ معزالدین کی اقتداء میں نماز عید ادا کی ۔ قبل ازیں حافظ معزالدین نے عید قربانی سے متعلق مفصل روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحی رضائے الہی کیلئے ہر شئے قربان کرنے کا جذبہ پیدا کرتی ہے ۔ انہوں نے امت مسلمہ کو عیدالاضحی کی مبارکباد پیش کی اور سنت ابراہیمی پر عمل کرنے کی تلقین کی ۔ صدر عیدگاہ کمیٹی نے جناب خواجہ معین الدین کے بہترین انتظامات پر محکمہ بلدیہ ، ٹرانسکو اور پولیس کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اوقافی جائیدادوں کی صیانت و بازیابی کیلئے ہیومن لائف اویکنگ سوسائٹی (ہاس انڈیا ) کے زیر اہتمام جامع مسجد میدک میں 20 اکٹوبر کو منعقد شدنی پروگرام کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ کاروان وقف پروگرام میں مدیران سیاست ، منصف ، رہنمائے دکن کی شرکت ہوگی ۔ معتمد عیدگاہ کمیٹی نعیم الدین ، نائب صدر محمد عارف حسینی نے مسلمانوں میں اتحاد پیدا کرنے کی اپیل کی ۔ اس طرح جامع مسجد میدک میں حافظ محمد ندیم اللہ قادری مسجد اعظم پورہ میں مولانا محمد جاوید علی حسامی ، مسجد ولی شاہ میں مولانا برکات احمد ندوی ، مسجد قوت الاسلام میں مفتی صابر قاسمی ، مسجد رحیم آباد مدینتہ العلوم میں مولوی فرحت اللہ حسینی ، مدینہ مسجد منہاج العلوم میں مفتی خواجہ شریف مظاہری میں نماز عیدالاضحی کی امامت فرمائی اور مسجد شنکرم پیٹ میں حافظ شیخ ندیم ، مسجد اوسل پلی میں حافظ محمد عمر ، مسجد گھن پور میں مولانا شعیب احمد نماز عید کی امامت کی ۔عیدالاضحی کے موقع پر مقامی ایم ایل اے ڈپٹی اسپیکر قانون ساز اسمبلی ایم پدما دیویندر ریڈی چیرمین بلدیہ و وائس چیرمین اے ملک ارجن ، راگی اشوک کی جانب سے مبارکباد کا پیغام دیئے کئے گئے ۔

گمبھی راؤپیٹ : مستقر گمبھی راؤ پیٹ کی عیدگاہ میں سینکڑوں فرزندان توحید نے ٹھیک ساڑھے نو بجے نماز عیدالاضحی ادا کی ۔ خطیب و امام جامع مسجد حافظ عبدالکلام نے خطبہ و نماز عیدالاضحی کے فرائض انجام دئے ۔ قبل ازیں انہوں نے عوامی اجتماع کو مخاطب کرتے ہوئے امت محمدیہ کو نماز پنجگانہ کی پابندی کی تلقین دی اور نماز عید کا طریقہ بیان کرنے کے علاوہ انہوں نے فضائل و مسائل عیدالاضحی بیان کیا ۔ بعد ازاں ادائی نماز سارے عالم کے مسلمانوں کی جان و مال کی حفاظت ش، آپس میں اتحاد و اتفاق بیماریوں سے شفا اور سارے عالم میں امن و امان کیلئے بھی خصوصی دعاء کی گئی ۔ جبکہ عید کی نماز کی ادائگی کیلئے آل انڈیا یوتھ کانگریس جنرل سکریٹری سید عظمت اللہ حسینی نے بھی اپنے آبائی مقام تشریف لائے ۔ ذمہ داران عیدگاہ کمیٹی سید کلیم ، سید سعادت ، سید اعجاز ، محمد شعیب عرف وسیم ، محمد اسلم ، سید ارباز ، سید مظفر ، سید سلطان وغیرہ نے انتظامات کی نگرانی کی ۔

ورنگل : عیدگاہ مٹھواڑہ ورنگل میں ’’ نماز عیدالاضحی ‘‘ مولانا شاہ قادری مولوی محمد مسعود احمد محمودی قادری چشتی صابری امام و خطیب عیدگاہ مٹھ واڑہ ورنگل کی امامت میں ہزاروں فرزندان اسلام نے انتہائی خشوع و خضوع کے ساتھ ادا کی ۔ نماز سے قبل خطاب کرتے ہوئے انہوں نے رحمت اللعلمین حضرت محمد مصطفی ﷺ کے جد امجد ابوالانبیاء اللہ کے خلیل حضرت سیدنا ابراہیم علیہ السلام اور ان کے فرزند حضرت سیدنا اسماعیل علیہ السلام کے حیات مبارک کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ابراہیم علیہ السلام نے ساری زندگی میں ہر آزمائش میں اللہ رب العزت کی رضا کو مقصدم رکھا ۔ قربانی ابراہیم علیہ السلام کی سنت ہے اور اللہ کریم کی رضا اور اللہ کے حبحب حضرت محمد مصطفی ﷺ کی خوشنودگی حاصل کرنے کا اہم ذریعہ ہے۔ اس موقع پر محترمہ کنڈا سریکھا حلقہ اسمبلی ورنگل ایسٹ اور سات ایم ایل سی کنڈامرلی نے خطاب کرتے ہوئے مسلمانان ورنگل کو عیدالاضحی کی پرخلوص دلی مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔

نیالکل: نیالکل منڈل مستقر مواضعات حدنور، نعمت آباد، دودڈی چالکی، مرزا پور، ،پور نیالکل و دیگر علاقوں میں عیدالاضحی نہایت ہی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔ حدنور عیدگاہ میدان میں نماز عیدالاضحی ٹھیک 9 بجے حافظ افروز عالم نے پڑھائی۔ نماز عید کے ساتھ ہی قربانی کا اہتمام کیا گیا۔ نیالکل منڈل پورے جوش و خروش کے ساتھ عیدالاضحی منائی گئی۔ ہندو مسلم اتحاد کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر میر رضی الدین علی مسعود خاں سابق سرپنچ سرینواس ریڈی صدر کانگریس نیالکل بھاسکر شاردھا زیڈ پی ٹی سی صدرنشین منڈل پریشد کملا بائی، سرکل انسپکٹر حدنور انجیلو پانڈو رنگاریڈی، محمد محبوب علی قادری اقلیتی سل نیالکل ٹی آر ایس پارٹی الیاس پٹیل کے علاوہ سیاسی و مذہبی قائدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔

بھینسہ : بھینسہ میں عیدالاضحی نہایت ہی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔ عیدالاضحی کے موقع پر بھینسہ کے مسلمانوں نے سنت ابراہیمیؑ پر نہایت ہی عقیدت و احترام سے عمل کیا۔ بھینسہ عیدگاہ پر شہر اور اطراف و اکناف کے ہزاروں مسلمانوں نے عیدالاضحی کی نماز ادا کی۔ بھینسہ عیدگاہ پر صبح 9 بجے شہر کی جامع مسجد کے امام حافظ عبدالبشیر نے نماز پڑھائی اور خطبہ عید الحاج محمد رفیع الدین صدیقی نے دیا۔ اسی طرح شہر کے دیگر مساجد میں پنجہ شاہ مسجد میں حافظ عبداللطیف، مسجد مومنان مولاا سید رافع قاسمی اور مسجد محمد علی خان میں مولانا محمد عظیم الدین نے نماز عید پڑھائی۔

پٹلم : مستقر پٹلم کے علاوہ اطراف و اکناف کے دیہاتوں کے مسلمانوں نے مستقر پٹلم کی جامع مسجد کے پاس جمع ہوکر 6 اکٹوبر بروز پیر صبح 7 بجے جلوس کی شکل میں عیدگاہ روانہ ہوئے۔ عید کی نماز سے قبل خطیب سید عبدالغفور نے قربانی کے فضائل پرتفصیلی روشنی ڈالی۔ نماز عیدالاضحی کا طریقہ بتاکر ٹھیک 9.30 بجے نماز ادا کی گئی۔ بعد نماز خطبہ کے فرائض انجام دیئے۔
ویملواڑہ : ویملواڑہ میں عیدالاضحی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی ۔ بعد ازیں ٹھیک 9 بجے کے وقت پر جامع مسجد کے پیش امام محمد ممتاز الحکیم نے عیدالاضحی کی نماز پڑھائی۔ بعد ازاں تمام مسلمان بھائیوں نے ایک دوسرے سے بغلگیر ہوکر ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی ۔ عیدالاضحی کے موقع پر پریس کلب کے صدر سید لائق پاشاہ مقامی اخباری نمائندے سید رسول ، ایم اے منان طاہر حبیب ان کے علاوہ تین مساجد کے صدر محمد رزاق بھی موجود تھے ۔ عیدالاضحی کے موقع پر تمام مسلمان بھائیوں کو مبارکباد پیش کرنے کیلئے ویملواڑہ کے میونسپل چیرپرسن این اوما وائس چیرمین پرتیبھا راما کرشنا اور وارڈ کونسلروں نے بھی عیدگاہ کو آکر انہیں مبارکباد پیش کی ۔

پرگی : اسمبلی حلقہ پرگی دوما ، گنڈیڈ ، کلکچرلہ ، پوڈور منڈلوں میں عیدالاضحی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی ۔ عیدالاضحی کی نماز کے بعد مسلمانوں نے ایک دوسرے سے بغلگیر ہوکر مبارکباد دی اور عیدگاہ کے پاس پرگی رکن اسمبلی ٹی رام موہن ریڈی ، ہریشور ریڈی ٹی آر ایس پولیٹ بیورو ، میر محمود ، سرپنچ وجیا ملا ، پروین کمار ریڈی اور دیگر نے مسلمانوں کو عید مبارکباد دی ہے ۔ پرگی میں پولیس کا بندوبست رہا ۔

نارائن پیٹ : نارائن پیٹ میں عیدالاضحی نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی ۔ عیدگاہ نارائن پیٹ میں تقریباً دس ہزار فرزندان توحید نے نماز عید ادا کی ۔ جناب سید شاہ غیاث الدین قادری سجادہ نشین نے امامت کی اور خطبہ عیدالاضحی پڑھا ۔ قبل ازیں حافظ چاند پاشاہ نے نماز عید کی ترکیب بتائی اور مسلمانوں کو اسواہ ابراہیم خلیل کو اپنانے اور اللہ کی رضا و خوشنودی کیلئے بڑی سے بڑی قربانی کیلئے تیار رہنے کی تلقین کی ۔ عیدگاہ کے قریب نصب کردہ بلدیہ کے شامیانہ میں سرکردہ سیاسی قائدین مسرز کے شیو کمار ریڈی ، انچارج حلقہ ا سمبلی نارائن پیٹ ٹی آر ایس پارٹی نائب صدر نشین بلدیہ نندو ناموجی ایڈوکیٹ ، ڈاکٹر پی نرسمہا ریڈی سابق نائب صدرنشین بلدیہ پرتاپ ریڈی ، مہیش ک مار گوڑ ایڈوکیٹ ، مسٹر جی سدھاکر ،سابق صدرنشین ، زرعی مارکٹ کمیٹی ماروتی رکن بلدیہ گنڈے چندراکانت ، بنڈی وینوگوپال و دیگر نے مسلمانوں کو مبارکباد دینے کیلئے موجود تھے ۔ ان قائدین نے بغلگیر ہوکر مسلمانوں کو عید کی مبارکباد پیش کی ۔ کشمیر ریلیف فنڈ میں بھی ان قائدین نے اپنے عطیات دئے ۔ ان قائدین کے علاوہ ,ی ایس پی نارائن پیٹ ، مسٹر پی سرینواس ریڈی ، مسٹر رویندر پرساد ، سرکل انسپکٹر نارائن پیٹ بھی مسلمانوں کو مبارکباد دینے کیلئے شامیانے میں موجود تھے ۔

ناگرکرنول : ناگرکرنول میں عیدالاضحی بڑے ہی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا ۔ مستقر کے جدید عیدگاہ پر مولانا محمد عبدالحق نقشبندی نظامی کی امامت میں مسلمانان ناگرکرنول کے علاوہ اطراف و اکناف کے مسلمانوں نے ٹھیک 9 بجے نماز عیدالاضحی ادا کی ۔ اس موقع پر صدر انتظامی کمیٹی مساجد نگرکرنول جناب محمد عبدالحفیظ خان نقشبندی نے عامتہ المسلمین سے خطاب کرتے ہوئے حضرت ابراہیم علیہ السلام کے ایثار کو اپنانے اور ملت اسلامیہ کے اتحاد کیلئے سعی کرنے کی ترغیب دی ۔ عیدگاہ میں پہلی مرتبہ نگر پنچایت کی جانب سے پنڈل نصب کرنے سے خوشنما منظر دکھائی دینے لگا ۔ مستقر کے عیدگاہ پر رکن اسمبلی شری مری جناردھن ریڈی ، صدرنشین بلدیہ وی موہن گوڑ ، بی جے پی قائد ارتھم روی و دیگر نے عامتہ المسلمین سے بغلگیر ہوتے ہوئے عید کی مبارکباد پیش کی ۔

یلاریڈی : یلاریڈی مستقر پر عیدگاہ میں 9 بجے نماز عیدالاضحی ہزاروں مسلمانوں نے خوشی و خضوع کے ساتھ ادا کی ۔ صدر قاضی جناب محمد افضل حسین نے اپنے خطاب میں حضرت ابراہیم علیہ السلام کے جذبہ ایمانی کی تشریح کرتے ہوئے مسلمانوں کو ایثار و قربانی کی عادت ڈالنے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے مسلمانوں کو اتحاد و اتفاق کے ساتھ رہنے کی صلاح دی ۔ امامت کے فرائض بھی صدر قاضی نے انجام دئے ۔ بعد نماز جناب محمد اکرم علی نے بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں سلام کا نذرانہ پیش کیا ۔ مسجد عثمانیہ میں بھی نماز عیدالاضحی ٹھیک 9.30 بجے صبح ادا کی گئی ۔ امامت و خطابت کے فرائض جناب محمد معراج علی رضوی نے انجام دئے ۔ مستقر پر عیدالاضحی بڑی خشوع و خضوع کے ساتھ ادا کی گئی ۔

مدن پلی : ضلع چتور مدن پلی میں بقرعید بڑے جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی ۔ شہر کی عیدگاہ میں صبح 8 بجے عیدالاضحی کی نماز پرھی گئی ۔ ڈیویژنل سرقاضی مولانا شاکر اللہ لطیفی نے عید کی نماز پڑھائی اور عیدالاضحی کی حقیقت اور قربانی کی حقیقت کو بیان کیا ۔ مسلمانوں کی کثیر تعداد شہر کی جامع مسجد کے پاس جمع ہوکر بآواز بلند تکبیرات پڑھتے ہوئے عیدگاہ پہونچے ۔ جامع مسجد میں عید کی نماز 8.15 بجے پڑھی گئی اور خطیب و امام حافظ محمد سیف اللہ نے پڑھائی اور فضائل عید بیان کئے ۔ شہر کے ڈرائیورس کالونی کی عیدگاہ میں مولانا عبدالرحمن نے عید کی نماز پڑھائی ۔ وایل پاڈ میں مولانا سراج الدین باقوی نے عید کی نماز پڑھائی اور خطاب کیا ۔ چتور میں گورنمنٹ قاضی مولانا کمال اللہ ظہوری جنیدی نے عید کی نماز پڑھائی ۔

کاغذنگر : کاغذنگر میں عیدالاضحی کی نماز خوشو و خضوع کے ساتھ ادا کی گئی ۔ قدیم عیدگاہ میں عید کی نماز مولانا عبدالقیوم رضا امام و خطیب جامع مسجد ایس پی ایم ، جدید عیدگاہ چنتہ گوڑہ میں مولانا شوکت علی رضوی ، قدیم جامع مسجد میں حافظ مولانا احمد مبین مسجد رحمانی بیت العلوم میں الحاج مولانا محسن علی مظاہری ، مسجد عامرہ میں مولانا حافظ مقبول حسین ، مسجد عرفان میں مولانا حافظ سید امین الدین احمد ملک صابری ، مسجد کوثر میں مولانا مفتی زبیر خان ، مسجد نورانی میں مولانا شیخ جاوید الرحمن ، مسجد انصار میں مفتی عبدالسلام ، مسجد ابرار میں مولانا محمد جمال الدین مظاہری ، مسجد قریش میں حافظ اکبر محی الدین چنوری نے پڑھائی ۔ اس موقع پر قدیم عیدگاہ کمیٹی کے اراکین حافظ کبیر الدین صابری صدر ، جناب عبدالسبحان سکریٹری، جناب علیم الدین نائب صدر اور صوفی افضل حسینی قادری نے قدیم عیدگاہ میں بہترین انتظامات کروائے ۔ مذکورہ کمیٹی نے مسٹر کونیرو کونپا رکن ا سمبلی سرپور ، مسٹر کمار سوامی میونسپل کمشنر اور شریمتی ودیا وتی میونسپل چیرپرسن کا شکریہ ادا کیا ۔ جن کے تعاون سے عیدگاہ میں صفائی اور آہک پاشی کا کام مکمل کیا جاسکا ۔ انہوں نے پولیس ڈپارٹمنٹ بالخصوص مسٹر رمیش بابو ڈی ایس پی کاغذنگر اور مسٹر روی کمار سرکل انسپکٹر آف پولیس کا شکریہ ادا کیا جن کی نگرانی میں عیدگاہ کے احاطہ میں پولیس کا معقول بندوبست تھا ۔ مسٹر کونیرو کونپا رکن اسمبلی سرپور ، جناب محمد رضی حیدر سینئیر ایڈوکیٹ و ریاستی صدر مہاجنا سوشلسٹ پارٹی نے عیدگاہ تشریف لاکر مسلمانوں کو عید کی مبارکبادی ۔ اس موقع پر جناب شیخ دستگیر سابقہ صدرنشین بلدیہ اور جناب ذاکر شریف قائد کے علاوہ میونسپل کونسلرس موجود تھے ۔

شادنگر : مسجد غیث سالم بادعام اولڈ این ایچ 7 فرخ نگر شادنگر میں فرزندان توحید نے بڑے عقیدت و احترام کے ساتھ نماز عیدالاضحی ادا کی ۔ امام و خطیب مسجد ہذا حافظ و قاری محمد محمود علی خان نے نماز عیدالاضحی کی امامت کی اور خطبہ دیا ۔بعد ازاں مسلمانان شادنگر فرخ نگر ایک دوسرے سے ملاقات کرتے ہوئے عیدالاضحی کی مبارکباد پیش کی ۔

٭٭ عیدگاہ فرخنگر شادنگر میں ہزاروں فرزندان توحید نے بڑے عقیدت و احترام کے ساتھ قاضی سید مقتدر علی صدر قاضی شادنگر کی امامت و خطابت میں نماز عیدالاضحی ادا کی ۔ قاضی سید مقتدر علی صدر قاضی شادنگر نے نماز عیدالاضحی سے قبل خطاب کرتے ہوئے عیدالاضحی اور قربانی کے متعلق تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اعمال کا دارومدار نیت پر ہوتا ہے ۔ قاضی سید مقتدر علی صدر قاضی شادنگر نے رقت انگیز دعاء کی ۔ عید کے موقع پر عیدگاہ قریب نصب کردہ خصوصی شامیانے میں مقامی رکن اسمبلی وائی انجیا یادو سابقہ وزیر ڈاکٹر پی شنکر راؤ سابقہ ایم ایل اے بی کشٹیا ، ڈی ایس پی دورناچارلو ، سرکل انسپکٹر ٹاون شریمتی نرملا شادنگر بلدیہ چیرمین اگنورو وشوم ، کے نریندر ، ایم ایس نٹراج کے علاوہ محتلف سیاسی جماعتوں کے قائدین نے مسلمانان شادنگر فرخنگر سے ملاقات کرتے ہوئے عید کی مبارکباد پیش کی ۔

٭٭ مسجد دارالعلوم سبیل الھدی لنگاریڈی گوڑہ شادنگر میں فرزندان کوحید نے عقیدت و احترام کے ساتھ نماز عیدالاضحی ادا کی گئی ۔ مولانا محمد طاہر قاسمی بانی مدرسہ ہذا نے عیدالاضحی کی امامت کی اور خطبہ دیا ۔ نماز عیدالاضحی کے موقع پر مولانا ظاہر قاسمی نے فضائل عیدالاضحی پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔

سرپور ٹاون : سرپور ٹاون منڈل کے علاوہ مستقر میں بھی عیدالاضحی خوش و خضوع کے ساتھ منائی گئی ۔ جدید عیدگاہ میں حافظ محمد علاء الدین اور قدیم عیدگاہ میں نائب قاضی سید عنایت علی صابری نے نماز عیدالاضحی صبح 9 بجے پڑھائی ۔ اس کے علاوہ لونویلی گاؤں ، بابا نگر میں بھی عیدالاضحی کی نماز ادا کی گئی ۔ اس موقع پر ہندو بھائیوں کی جان بسے مسلمانوں کو عید کی مبارکبادی پیش کی گئی ۔ سرپور ٹاون سب انسپکٹر آف پولیس جی راکیش نے دونوں عیدگاہ پہونچکر تمام مسلمانوں کو عید کی مبارکباد پیش کی

۔
کلواکرتی : کلواکرتی مستقر اور اس کے اطراف و اکناف موجود دیگر منڈلس ویلدنڈہ ، آمنگل ، تلکنڈہ پلی ماڈگل کے علاوہ اطراف
موجود دیہاتوں ، اجلاپور ، اروین ، مال مارچل و تمام دیہاتوں میں مسلمانوں نے عیدالاضحی نہایت ہی عقیدت و احترام سے منائی ۔ ہزاروں مسلمانوں نے نماز عیدگاہوں میں ادا کی ۔ جبکہ سب سے بڑا اجتماع کلواکرتی کے عیدگاہوں میں دیکھا گیا ہزاروں کے تعداد میں عوام نے نہایت خشوع و خضوع نماز ادا کی ۔ جس کے ہر ایک عمر کے بڑے بوڑھے بچے سب شامل تھے ۔ بعد نماز عید عیدگاہوں پر مسلمانان کو عید کی مبارکباد دینے کیلئے تمام ہی سیاسی پارٹیوں کے قائدین عیدگاہ پہونچے جن میں قابل ذکر ایم ایل اے ، سابقہ ایم ایل اے جئے پال ، کشٹا ریڈی ، چیرمین سری سیلم کونسلرس ، سریکانت ، مقبول اور دیگر نے مسلمانوں سے بغلگیر ہوکر عید کی مبارکباد دی ۔

کوڑنگل : کوڑنگل میں 6 اکٹوبر کو عیدالاضحی روایتی جوش و خروش عقیدت و احترام اور خشوع و خضوع کے ساتھ منائی گئی ۔ پروگرام کے مطابق ٹھیک 9 بجے دن جناب سید انور حسین صدر مجلس انتظامی کی زیر قیادت جامع مسجد سے نعرہ تکبیر کی گونج میں عیدگاہ کیلئے جلوس روانہ ہوا ۔ ساڑھے نو بجے نماز عیدالاضحی ادا کی گئی ۔ مولانا حافظ محمد عبدالرشید نے امامت کی اور خطبہ دیا ۔ بعد نماز عید قومی یکجہتی کے متاثر کن مظاہرے دیکھنے میں آئے ۔ کھڑے ہوکر جلوس کی واپسی کے موقع پر مسلم بھائیوں کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے اور بغلگیر ہوتے ہوئے دیکھے گئے ۔ پولیس کا معقول بندوبست کیا گیا تھا ۔