4 نئے ریوینیو ڈیویژنس اور 4 نئے منڈلس قائم ، سنگاریڈی سب سے بڑا ضلع
سنگاریڈی۔ 23 اگست (ایم اے قادر فیصل) ریاستی حکومت نے نظم و نسق کو موثر بنانے کی غرض سے تلنگانہ کے 9 اضلاع کو تقسیم کرتے ہوئے نئے اضلاع قائم کرنے مسودہ اعلامیہ جاری کیا ہے۔ ضلع حیدرآباد کو جوں کا توں برقرار رکھا اور مابقی 9 اضلاع کی تقسیم کو ہری جھنڈی دکھا دی ہے۔ 17 نئے اضلاع قائم کئے جارہے ہیں۔ ضلع میدک کو حسب توقع 3 اضلاع میں تقسیم کیا جارہا ہے اور اضلاع سنگاریڈی، میدک اور سدی پیٹ تشکیل دینے مسودہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔ مسودہ کے مطابق تین نئے اضلاع کے ساتھ 4نئے ریوینیو ڈیویژنس اور 4 نئے منڈلس قائم کئے جائیں گے۔ ظہیرآباد، نارائن کھیڑ، توپران اور گجویل نئے ریوینیو ڈیویژنس جبکہ امین پور، گمدڈلہ، سرگرپور اور سدی پیٹ اربن نئے منڈلس ہوں گے۔ مسودہ اعلامیہ پر ایک ماہ تک عوامی رائے حاصل کی جائے گی۔ عوام نئے اضلاع ریوینیو ڈیویژنس اور منڈلس پر اپنی رائے اور اعتراضات تحریری طور پر کلکٹریٹ سنگاریڈی میں داخل کرسکتے ہیں۔ 1956ء میں تشکیل شدہ ضلع میدک کئی وجوہات کی بناء پر منفرد مقام کا حامل تھا بالخصوص حلقہ پارلیمنٹ میدک سے اندرا گاندھی کامیاب ہوکر وزیراعظم کے عہدہ پر فائز ہونا، ٹی انجیا نے بھی ضلع میدک سے نمائندگی کی تھی اور بعد میں وزیراعلیٰ بنے۔ تحریک تلنگانہ کے علمبردار ٹی آر ایس پارٹی کے بانی اور چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ بھی ضلع میدک سے تعلق رکھتے ہیں۔ میدک کو ضلع مستقر بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے تقریباً 20 سال سے تحریک چل رہی تھی، اسی طرح سدی پیٹ کو بھی علیحدہ ضلع بنانے کا مطالبہ کیا جارہا تھا جو نئے اضلاع کی تشکیل کے فیصلہ سے تکمیل پارہا ہے۔ حکومت کی جانب سے جاری کردہ مسودہ اعلامیہ کے مطابق سنگاریڈی ضلع تین ریوینیو ڈیویژنس سنگاریڈی، ظہیرآباد اور نارائن کھیڑ پر مشتمل ہوگا۔ سنگاریڈی ضلع میں جملہ 23 منڈلس ہوں گے۔ سنگاریڈی ضلع کا مجموعہ رقبہ 4,490 مربع کیلومیٹر ہوگا۔ 15 لاکھ 49 ہزار 277 نفوس کی آبادی اور 612 مواضعات اس میں شامل ہے۔ نو تشکیل شدہ ضلع سنگاریڈی کے نارائن کھیڑ ریوینیو ڈیویژن میں کلہیر، کنگٹی، منور، سرگرپور اور نارائن کھیڑ منڈل ظہیرآباد ریوینیو ڈیویژن میں من پلی، کوہیر، رائے گوڑ، جہرہ سنگم، نیالکل اور ظہیرآباد منڈل جبکہ سنگاریڈی ریوینیو ڈیویژن میں سنگاریڈی ، کونڈہ پور، سداسیوپیٹ، پٹن چیرو، امین پور، رامچندر پور، جنارم، نرساپور، ہتھنورہ، گمڈلہ ، پلکل اور منڈل ہیں۔ سنگاریڈی ضلع بہ اعتبار آبادی ، رقبہ ، تعداد منڈلس اور ریوینیو ڈیویژنس سب سے بڑآ ہے۔ آرڈنس فیکٹری، بی ایچ ای ایل، بی ڈی ایل، اکریساٹ جیسے قومی اور بین الاقوامی اداروں کے علاوہ پٹن چیرو، جنارم، بلارم، سداسیوپیٹ اور ظہیرآباد جیسے صنعتی علاقہ سنگاریڈی ضلع کا حصہ ہے۔ علاوہ ازیں مرکزی حکومت کے تعاون سے قائم ہونے والا مجوزہ صنعتی زون بھی ضلع کا ہی حصہ ہے۔ سنگاریڈی، پٹن چیرو، رامچندر پور، سداسیوپیٹ، نرساپور، ظہیرآباد، جوگی پیٹ اور نارائن کھیڑ جیسے شہری علاقہ ضلع سنگاریڈی میں ہونے کی وجہ سے اس کی مزید ترقی کے قوی امکانات ہیں۔ مانجرا ڈیم اور سنگور پراجیکٹ بھی سنگاریڈی ضلع میں ہوگا۔ نوتشکیل شدنی ضلع میدک دو ریوینیو ڈیویژنس میدک اور توپران پر مشتمل ہوگا۔ اس میں 14 منڈلس اور 7 لاکھ 47 ہزار 357 کی آبادی ہوگی اور رقبہ 2,695 مربع کیلومیٹر ہوگا۔ میدک ریوینیو ڈیویژن میں میدک، پابناپیٹ، رامائم پیٹ، پداشنکرم پیٹ، ٹیکمال، الہ درگ، ریگوڈ ، کلچارم اور چنا شنکرم پیٹ جبکہ توپران ریوینیو ڈیویژن میں توپران، چیگنٹہ، گوڑی پلی، یلدرنی اور شیوم پیٹ منڈل شامل ہے۔ سدی پیٹ ضلع دو ریوینیو ڈیویژنس سدی پیٹ اور گجویل، 19 منڈل، 405 مواضعات اور 10 لاکھ 65 ہزار 127 نفوس آبادی پر مشتمل ہوگا۔ سدی پیٹ ضلع میں اضلاع کریم نگر اور ورنگل کے جملہ 6 منڈل ضم کئے جارہے ہیں۔ ضلع کریم نگر کا مستاباد، حسناباد، کوہیڈا اور ایلنتہ کنٹہ منڈل، ورنگل ضلع سے چیریال اور مدور منڈل کو ضلع سدی پیٹ میں ضم کیا جارہا ہے۔ سدی پیٹ ریوینیو ڈیویژن میں سدی پیٹ اربن، سدی پیٹ رورل، دوباک، میردوڈی، توگٹہ، ننگنور، چنا کوڈور، کوہیڈا ، حسناباد ، ایلنتا کنٹہ اور مستاباد جبکہ گجویل ریوینیو ڈیویژن میں گجویل، دولت آباد، جگدیوپور، کنڈہ پاک، ورگل، چیریال اور مدور منڈل ہیں۔ اضلاع میدک اور سدی پیٹ کی تشکیل کے اعلامیہ کی اجرائی پر ان علاقوں میں زبردست جشن منایا گیا۔