نئی دہلی۔ 22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) قومی صدر بی جے پی امیت شاہ نے مشرقی دہلی میں بی جے پی کے بوتھ انچارجیس سے خطاب کرتے ہوئے ان سے سخت محنت کرنے اور ہر دروازہ پر دستک دینے کی ہدایت دی اور کہا کہ اگر پارٹی دہلی میں کامیاب ہوجائے تو یہ پورے ملک کیلئے ’’نیک شگون‘‘ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس سے ہمارا کوئی مقابلہ ہی نہیں ہے ، اگر ہم دہلی میں کامیاب ہوجائیں تو ہمیں کہیں بھی کوئی نہیں روک سکتا۔ ہمارا مقابلہ دہلی میں صرف عام آدمی پارٹی سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کیلئے 2014ء ایسا سال رہا ہے جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ پٹنہ سے موصولہ اطلاع کے بموجب وہ کل بہار کے دارالحکومت پٹنہ کے دورہ پر روانہ ہورہے ہیں۔ روانگی سے قبل انہوں نے دہلی کے بوتھ انچارجیس سے خطاب کیا۔