اصغر اور سمیع اللہ کی نصف سنچریاں، افغانستان 254/6

فتح اللہ (بنگلہ دیش) ۔ یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کے خلاف یہاں منعقدہ ایشیاء کپ کے ایک دلچسپ مقابلہ میں افغانستان کرکٹ ٹیم نے ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد ڈرامائی انداز میں مقابلہ میں واپسی کرتے ہوئے اصغر اسٹانی کزائی اور سمیع اللہ شنوری کی شاندار بیاٹنگ کی بدولت مقررہ 50 اوورس میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 254 رنز اسکور کئے ہیں۔ 25 اوورس کے کھیل کے بعد افغانستان کی ٹیم صرف 90 رنز کے اسکور پر اپنے ابتدائی 5 وکٹوں کے نقصان کی وجہ سے بحران کی صورتحال میں پہونچ چکی تھی

لیکن اصغر نے 103 گیندوں میں 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے ناقابل تسخیر 90 رنز بنانے کے علاوہ سمیع اللہ نے چھٹی وکٹ کے لئے 164 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی جبکہ سمیع اللہ نے صرف 69 گیندوں میں 10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 81 رنز کی یادگار اننگز کھیلی۔ مذکورہ کھلاڑیوں نے اننگز کو محتاط طریقہ سے آگے بڑھانا شروع کیا اور اننگز کے آخری اوورس میں اپنی بیاٹنگ کی رفتار کو تیز کردی۔ جیسا کہ دونوں بیٹسمنوں نے اننگز کے آخری دس اوورس میں 107 رنز بنائے۔ اصغر اپنی اننگز کے آغاز پر کسی قدر سست رفتار بیاٹنگ کی جیسا کہ اپنے کرئیر کی چوتھی نصف سنچری کے لئے انھوں نے 81 گیندوں کا سامنا کیا

لیکن بعد کے 40 رنز اُنھوں نے کافی تیز رفتاری کے ساتھ اسکور کئے۔ دوسری جانب سمیع اللہ نے اپنی بیاٹنگ میں ابتداء سے ہی تیز رفتاری برقرار رکھی لیکن وہ آخری اوور کی پانچویں گیند پر رن آؤٹ ہوئے لیکن تب تک اُنھوں نے ٹیم کو مستحکم موقف میں پہنچادیا تھا۔ قبل ازیں افغانستانی اوپنرس محمد شہزاد (2) ، کریم صادق (12) جلد آؤٹ ہوگئے جبکہ نجیب اللہ زدران نے 21 رنز کی اننگز کھیلی اور جس وقت یہ آؤٹ ہوئے اُس وقت ٹیم کا اسکور 43/3 تھا ۔ اگلے بیٹسمین نوروز منگل رہے جنھوں نے 33 گیندوں میں 3 چوکوں کی مدد سے 22 رنز بنائے لیکن وہ بھی 23 ویں اوور میں آؤٹ ہوئے جس کے کچھ دیر بعد محمد نبی بھی 7 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ بنگلہ دیش کے لئے عرفات سمیع نے 44 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ربیل حسین اور مومن الحق بالترتیب 61 اور 38 رنز کے عوض ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔