حیدرآباد /27 فروری ( سیاست نیوز ) اشیاء ضروریہ کی کالا بازاری کرتے ہوئے حکومت اور عوام کو دھوکہ دینے والے ایک شخص کے خلاف رچہ کنڈہ پولیس نے سخت کارروائی کی ہے ۔ انسداد غنڈہ گردی ایکٹ پی ڈی ایکٹ کو نافذ کرتے ہوئے اس شخص کو جیل منتقل کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ رچہ کنڈہ پولیس کمشنر مسٹر مہیش مرلی دھر بھگوت نے 57 سالہ ای سدرشن جو رام نگر علاقہ کا ساکن ہے جس کا آبائی مقام یادادری ضلع سے بتایا گیا ہے ۔ پولیس رچہ کنڈہ نے اس شخص کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کردیا ۔ ذرائع کے مطابق اشیاء ضروریہ کو کم داموں میں خرید کر ان اشیاء کی کالابازاری کرتا تھا ۔ سال 2014 سے یہ شخص ایسے معاملات میں ملوث ہے جس کے خلاف سائبرآباد پولیس کمشنر نے سال 2016 میں پی ڈی ایکٹ نافذ کیا تھا اور سال 2017-18 میں جیل سے رہائی کے بعد اس نے دوبارہ تین وارداتیں انجام دیں اور سال 2018 فروری میں کیسرا پولیس کے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا ۔ سیول سپلائی اور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں اس کے قبضہ سے 800 کنٹل پی ڈی ایس چاول ضبط کرلیا تھا ۔