اشوین کو ارجن ایوارڈ کی پیشکشی

نئی دہلی ، 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے آف اسپنر روی چندرن اشوین کو آج ارجن ایوارڈ پیش کیا گیا، جس کیلئے انھیں گزشتہ سال نامزد کیا گیا تھا۔ انھیں وزیر اسپورٹس سرب نند سونوال نے یہاں یہ ایوارڈ پیش کیا۔ اشوین 29 اگسٹ 2014ء کو راشٹرپتی بھون میں ایوارڈز کی تقریب کے دوران موجود نہیں تھے کیونکہ وہ انڈیا او ڈی آئی ٹیم کا حصہ تھے جو اُس وقت انگلینڈ کے دورے پر تھی۔ 28 سالہ اشوین جنھوں نے 25 ٹسٹ میں 124 وکٹیں، 99 او ڈی آئیز میں 139 اور 25 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلس میں 26 وکٹیں لئے ہیں، انھوں نے یہ باوقار ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد اپنی مسرت کا اظہار کیا۔ ’’یہ سفر ابھی تک کافی اچھا رہا ہے۔ میں کئی پہلوؤں سے کافی خوش قسمت رہا اور اس کیلئے خدا کا شکر ادا کرتا ہوں۔‘‘