جنوبی افریقہ کو ٹسٹ سیریز میں پہلے دن سے پچ اسپن کی مدد کرنے کا اندیشہ ، جمعرات سے پہلا ٹسٹ
موہالی ، 2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے خلاف T20 اور او ڈی آئی سیریز میں کامیابیوں سے قطع نظر جنوبی افریقہ والے یہاں سست اور گھماؤ والی وکٹوں سے خائف نظر آتے ہیں جو انھیں میزبانوں کے خلاف ملنے کا امکان ہے اور آل راؤنڈر فاف ڈو پلیسی نے آج کہا کہ آف اسپنر روی چندرن اشوین میزبانوں کی طرف سے بڑا خطرہ ہوں گے۔ یہ پوچھنے پر آیا دورہ کنندگان توقع کررہے ہیں کہ وکٹ میزبان ٹیم کیلئے سازگار رہے گی، ڈوپلیسی نے کہا، ’’ہمیں توقع ہے کہ گیند پہلے دن سے گھومنے لگے گی، اس کی آپ کو توقع رہتی ہے اور اسی کے مطابق آپ منصوبہ بناتے ہو۔ ہندوستان میں میرا خیال ہے اب ماضی سے کہیں زیادہ جارحانہ انداز دیکھنے میں آرہاہے جب پچس شاید تیسرے، چوتھے اور پانچویں دن اسپن کو مدد کرتی تھیں لیکن اب وہ پہلے دن سے ہی اسپن بولنگ کی مدد کرتی ہیں۔ لہٰذا مطلب یہ ہوا کہ ٹسٹ میچز آخر تک نہیں چلیں گے۔ مگر جہاں تک ہمارا معاملہ ہے اگر میچ صرف تین دن بھی چلے تو ہم ہمارے منصوبوں کے مطابق حملے کریں گے تاکہ معاملہ ہمارے حق میں ہوجائے‘‘۔ ڈوپلیسی یہاں آئی ایس بندرا پی سی اے اسٹیڈیم میں ٹیم کے پریکٹس سیشن کے بعد میڈیا سے مخاطب تھے۔ جمعرات کو یہاں پہلا کرکٹ ٹسٹ شروع ہوگا۔ ڈوپلیسی نے کہا کہ اشوین جو انجری کے سبب مختصر وقفے کے بعد واپس ہوں گے، وہ اس ٹسٹ سیریز کیلئے اہم کھلاڑی رہیں گے۔ انھوں نے کہا کہ وہ غیرمعمولی اسپنر ہے لیکن میرا خیال ہے ہم نے انھیں (T20 میچز میں) اچھا کھیلا۔ اب یہ ٹسٹ کرکٹ کا معاملہ ہے اور حالات کے ساتھ انھیں کسی زیادہ اسپن حاصل ہوگی۔ بہرحال اشوین ہمارا بڑا خطرہ ہے، لیکن ہم واقعی اچھی منصوبہ بندی کریں گے۔ جس طرح ہم اشوین کو اس سیریز میں کھیلیں گے اسی سے بلاشبہ اس سیریز میں کامیابی طئے ہوجائے گی۔ ڈوپلیسی کا ماننا ہے کہ موہالی کی پچ پہلے دن سے اسپن بولنگ کی مدد کرنے لگے گی۔ ’’یہ کافی خشک معلوم ہوتی ہے۔ ہمیں توقع ہے کہ پہلے دن ہی گیند کافی گھومنے لگے گی۔‘‘