نئی دہلی ۔ 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سینئر ٹی ڈی پی لیڈر پی اشوک گجپتی راجو نے وزارت شہری ہوا بازی کے قلمدان کا جائزہ حاصل کرلیا اور تیقن دیا کہ وہ اپنے فرائض کی ادائیگی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔ راجیو گاندھی بھون میں اپنی وزارت کاجائزہ حاصل کرنے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہوا بازی سیکٹر کو وہ عوام ۔ دوست بنانے کی پوری کوشش کریں گے۔ گجپتی راجو اپنے ارکان خاندان بشمول اہلیہ کے ساتھ دفتر پہنچے جہاں ان کا گلدستوں سے خیرمقدم کیا گیا۔ جب ان سے ایرلائنز کے خسارے میں چلائے جانے کے بارے میں سوال پوچھا گیا تو انہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم اسکی وجوہات پر غوروخوض کرتے ہوئے ہوا بازی کے شعبہ کو خسارہ سے پاک بنانے کی کوشش کریں گے۔
بی جے پی کے تین ایم ایل ایز مستعفی
جے پور ۔ 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے تین ایم ایل ایز نے راجستھان اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دیدیا کیونکہ حال ہی میں منعقد شدہ لوک سبھا انتخابات میں انہیں بحیثیت ایم پیز منتخب کیا گیا ہے۔ اوم برلا، بہادر کولی اور سنتوش اہلاوت جن کا بالترتیب کوٹہ، بھرت پور اور جھنجوتو سے انتخاب عمل میں آیا ہے، نے اسپیکر کیلاش میگھوال کو اپنا استعفیٰ پیش کیا۔ پارٹی ترجمان نے یہ بات بتائی۔ ایک اور بی جے پی ایم ایل اے سانو رلال جاٹ اجمیر حلقہ انتخاب سے لوک سبھا کیلئے منتخب ہوئے ہیں۔