نئی دہلی ۔ 26 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک چوہان جنہوں نے آدرش اسکام کے تناظر میں استعفی دیدیا تھا، نے آج ناندیڑ لوک سبھا حلقہ سے اپنے پرچہ نامزدگی کا ادخال کیا ۔ اس موقع پر آدرش اسکام کے تنازعات سے گھرے ہونے کی اطلاعات کی تردید کرتے ہوئے کانگریس نے اشوک چوہان پر مکمل اعتماد کیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ انہیں ناندیڑ لوک سبھا حلقہ سے ٹکٹ دیا گیا ہے ۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال کے بعد اشوک چوہان نے کہا کہ انہیں اپنی کامیابی کا صد فیصد یقین ہے ۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ آدرش اسکام پر کیا ان کا صمیر مطمئن ہے جس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا ضمیر مطمئن ہے، کیونکہ انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا ہے ۔ سابق چیف منسٹر کرناٹک ایچ ڈی کمارا سوامی ، نشانہ باز راجیہ وردھن راتھوڑ اور بی جے پی کے باغی لیڈر لال منی چوبے کے علاوہ دیگر کئی امیدواروں نے آج پرچہ نامزدگی داخل کی ۔ لوک سبھا انتخابات کے چوتھے اور پانچویں مرحلہ میں جن 127 نشستوں پر رائے دہی ہوگی ، ان کیلئے پرچہ نامزدگی کی آج آخری تاریخ تھی۔ متنازعہ سری رام سینا لیڈر پرمود متالک نے کرناٹک میں دھارواڑ لوک سبھا حلقہ سے پرچہ نامزدگی داخل کی جہاں ان کا مقابلہ ریاستی بی جے پی صدر پرہلاد جوشی سے ہوگا۔پرمود متالک کو اتوار کو بی جے پی میں شمولیت کے اندرون چند گھنٹے خارج کردیا گیا تھا جس پر انہوں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا تھا۔