اشون کی جارحانہ بولنگ ، ویسٹ انڈیز صرف 196 ن پر آؤٹ

محمد سمیع اور ایشانت کو دو دو وکٹس ، اوپنر لوکیش راہول کے 75 رن ، دوسرے ٹسٹ پر بھی ہندوستان کا مکمل کنٹرول

کنگسٹن ۔ /31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) روی چندرن اشون نے ویسٹ انڈیز کے بیٹسمین کے خلاف طوفانی حملوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے پھر ایک مرتبہ پانچ وکٹس حاصل کرلیا اور نئے اوپنر لوکیش راہول (ناٹ آؤٹ) نے نصف سنچری مکمل کی جس کے ساتھ ہی دوسرے کرکٹ ٹسٹ میچ کے پہلے دن پر ہندوستان نے مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ۔ اشون نے 16 اوورس میں 52 رن دے کر پانچ قیمتی وکٹس حاصل کیا ۔ اسطرح وہ ٹسٹ میچوں میں 18 ویں مرتبہ پانچ وکٹ حاصل کرچکے ہیں ۔ ان کی جارحانہ بولنگ کے نتیجہ میں دوسرے ٹسٹ میچ کے پہلے ہی دن ویسٹ انڈیز کی ٹیم محض 52.3 اوورس میں 196 بناکر آؤٹ ہوگئی ۔ ایشانت شرما نے 10 اوور س میں 53 رنز دے کر دو وکٹس اور محمد سمیع نے 23 رن دے کر دو وکٹس حاصل کئے ۔ ان ابتدائی کامیابیوں کے بعد آف اسپنر اشون نے ویسٹ انڈیز بیٹسمین پر بولنگ کا قہر برپا کیا ۔ میزبان ٹیم کے کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔ لیکن ان کا یہ فیصلہ فائدہ منںد ثابت نہیں ہوا ۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم کے معمولی اسکور پر جلد آؤٹ ہوجانے کے بعد ہندوستانی بیٹسمین نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک وکٹ کے نقصان سے 126 رن بناتے ہوئے اپنا موقف مستحکم کرلیا ۔ اس طرح ہندوستانی ٹیم کو اپنی حریف ٹیم کے اسکور کی برابری کیلئے صرف 70 رن درکار ہیں ۔ زخمی مرلی وجئے کے بجائے کھیلنے والے اوپنر لوکیش راہول نے موقع کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور 75 رن بناکر ناٹ آوٹ رہے ۔ راہول کے اسکور میں 10 چوکے شامل ہیں ۔ انہوں نے کسی قدر سست شیکھر دھون کے ساتھ پہلے وکٹ کی رفاقت میں اپنی ٹیم کے لئے 89 رن کا اضافہ کیا جس میں شیکھر دھون کے 27 رن بھی شامل ہیں ۔ دھون نے 52 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے پانچ چوکوں کی مدد سے 27 رن بنایا تھا ۔

 

ان کے آوٹ ہونے کے بعد چتیشور پجارا (18 ناٹ آؤٹ) راہول کے ساتھ کھیل رہے ہیں ۔ قبل ازیں ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز میں جرمائین بلیک ووڈ ہی وہ واحد بیٹسمین تھے جنہوں نے ہندوستانی بولنگ حملوں کی بڑی حد تک کامیاب مزاحمت کی اور چار چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 62 رن بنایا ۔ انہوں نے مارلون سیمویلس (37) کے ساتھ چوتھے وکٹ کی رفاقت میں 81 رن کا اضافہ کیا ۔ اس سے پہلے ایشانت اور سمیع نے ویسٹ انڈیز کے ٹاپ آرڈر کو مکمل طور پر بکھیر دیا تھا اور ایک مرحلہ پر ویسٹ انڈیز کا اسکور 3 وکٹ کے نقصان پر 7 تھا ۔ لیکن آج کھیل کے دوسرے نصف میں اشون نے بولنگ محاذ سنبھالیا جس میں ویسٹ انڈیر کی ٹیم چھ وکٹس کے نقصان سے 108 رن بناکر 200 سے بھی کم مجموعی اسکور پر آل آوٹ ہوگئی ۔ اشون تاحال 34 ٹسٹ میچوں میں 188 وکٹس لئے چکے ہیں ۔ انہیں لگاتار چار ٹسٹ میچوں میں مسلسل پانچ پانچ وکٹس حاصل کرنے کا انداز بھی حاصل ہوا ہے ۔ بھگوٹ چندرشیکھر اور انیل کمبلے کے بعد اشون ہی وہ تیسرے ہندوستانی بولر ہیں جو لگاتار چار میچوں میں پانچ پانچ وکٹس حاصل کئے ہیں ۔ چائے کے وقفہ کے بعد سیمویلس بیٹنگ حملوں کا آغاز کرنا ہی چاہتے تھے کہ اشون نے ایک لڑکھڑاتی ہوئی آسان گیند ڈال کر انہیں پھانس لیا اور وہ شارٹ لگ پر راہول کے ہاتھوں بہ آسانی کیچ آؤٹ ہوگئے ۔ جس کے چھ اوورس بعد سیشن ڈورچ (5) اشون کی ایک اور آسان گیند پر یہ فیصلہ نہیں کرپائے کہ اس کو کھیلنا چاہئیے یا چھوڑدینا چاہئیے ۔ چنانچہ گیند ان کے بیاٹ کے آخری حصہ سے ٹکرا گئی اور وہ بہ آسانی آؤٹ ہوگئے ۔ بعد ازاں محمد سمیع نے چیس سے پیچھا چھڑا لیا جو ان کی گیند پر دھون کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے ۔