اشون کی ایک غلطی ، سمیع وکٹ اور ٹیم کامیابی سے محروم

کولکتہ۔28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) ایڈن گارڈنس کے تاریخی میدان پر کولکتہ نائٹ رائیڈرس کے خلاف کنگس الیون پنجاب کے کپتان آر اشون کی ایک غلطی ان کی ٹیم کو کافی مہنگی پڑ گئی۔ اشون کی ایک لاپروائی کی وجہ سے کولکتہ نائٹ رائیڈرس کا اسکور 200 کے پار پہنچ گیا۔ دراصل کولکتہ کی اننگز کے سترہویں اوورس میں محمد سمیع نے آندرے رسل کو یارکر پر بولڈ کردیا۔ جس گیند پر سمیع نے رسل کو بولڈ کیا ، اس وقت تین ہی فیلڈر 30 گز کے دائرے کے اندر تھے ، جس کی وجہ سے امپائر نے اس گیند کو نو بال قرار دیا اور رسل کو نئی زندگی مل گئی ۔ آندرے رسل کو جب نئی زندگی ملی اس وقت وہ صرف چار رنز پر ہی کھیل رہے تھے ، لیکن اس کے بعد وہ پنجاب پر قہر بن کر ٹوٹ پڑے۔ رسل نے اس کے بعد اپنے اسکور میں 44 رنوں کا اضافہ کیا اور وہ بھی صرف 12 گیندون پر۔ رسل نے ٹائے کے اوور میں دو چھکے اور دو چوکے لگائے جبکہ سمیع کے اوور میں بھی انہوں نے 3 چھکے مارے۔رسل نے اس سے قبل سیزن کے افتتاحی مقابلہ میں بھی سن رائزر حیدرآباد کے خلاف جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کی کامیابی میں کلیدی رول ادا کیا تھا اور پنجاب کے خلاف بھی انہیں اشون کی غلطی کاپورا فائدہ اٹھانے کا موقع ملا۔