دھرم شالہ ۔ 28مارچ (سیاست ڈاٹ کام )آئی سی سی کرکٹر آف دی ایئر سال 2016 کی ٹرافی جیتنے والے ہندوستانی آف اسپنر روی چندرہ ایشون کو سر گارفیلڈ سوبرز ٹرافی سونپ دی گئی۔14 ستمبر 2015 سے 20ستمبر 2016 کے درمیان اشون نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور سال کے بہترین کرکٹر کے علاوہ ٹسٹ کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی لے اڑے تھے۔انہوں نے اس عرصے میں 8 ٹسٹ میچوں 48 وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ 336 رنز اسکور کئے جبکہ 19 ٹی20 میچوں میں بھی 19 وکٹیں حاصل کی تھیں۔انہوں نے سال کے بہترین کرکٹر کی سر گار فیلڈ سوبرز ٹرافی کے علاوہ بہترین ٹسٹ کرکٹر کی ٹرافی بھی عالمی شہرت یافتہ ہندوستانی کرکٹرز کپیل دیو اور سنیل گاوسکر سے حال کی۔اشون نے ایوارڈ کے حصول پر آئی سی سی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ایوارڈز سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور یہ لمحات ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔روی چندرہ ایشون نے 2015 کا اختتام عالمی نمبر ایک ٹسٹ بولر کی حیثیت سے کیا اور پھر 2016 میں یہ عہدہ چھننے پر دو بار اس پر دوبارہ قبضہ کیا۔رواں سال ان کے ہم وطن اسپنر رویندرا جدیجہ نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے انہیں اس منصب سے محروم کردیا اور اب وہ عالمی درجہ بندی میں دوسرے بہترین بولر ہیں۔
کرکٹ اسکول کی کامیابی
حیدرآباد ۔ 28 مارچ (راست) کرکٹ اسکول نے ایچ ایم وی ٹروفی 2017ء کے میچ میں ایچ ایم وی B کو 9 وکٹ سے شکست دی ہے۔ ایچ ایم وی بی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا انتخاب کیا اور 24.4 اوورز میں 92 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئے۔ وینکٹ نے 22 اور انودیپ نے 20 رنز جوڑے۔ محمد ابرار نے 4 اوورز میں 3/12 اور امام نے بھی 4 اوورز میں 3/14 کے متاثرکن اعداد و شمار درج کرائے۔ جوابی اننگز میں کرکٹ اسکول نے جیت کا ٹارگٹ 15.1 اوورز میں 93/1 کے ساتھ حاصل کرلیا۔ رائیان لکھانی 35 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ محمد انیس الدین نے 40 رنز بنائے۔