اشون ٹسٹ کے نمبر ایک آل راؤنڈر

دوبئی 5 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے اسپنر روی چندرن اشون ریلائنس آئی سی سی ٹسٹ درجہ بندی میں واحد ایسے کھلاڑی ہیں جنھیں نہ صرف سرفہرست آل راؤنڈر ہونے کا اعزاز حاصل ہے بلکہ سرفہرست 10 کھلاڑیوں میں وہ شامل ہیں۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ٹسٹ درجہ بندی میں آل راؤنڈرس کے زمرہ میں اشون کو پہلا مقام حاصل ہے جبکہ جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولر ورنان فیلنڈر کو دوسرا مقام حاصل ہوا ہے۔ نیز اِس فہرست میں بنگلہ دیش کے آل راؤنڈر شکیب الحسن تیسرے مقام پر فائز ہیں۔ علاوہ ازیں پاکستانی بیٹسمین یونس خان، مصباح الحق اور اظہر علی کی درجہ بندی میں ترقی دیکھی گئی ہے۔ یونس خان جنھوں نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹسٹ میں 213 اور 46 رنز اسکور کرتے ہوئے ٹیم کی 356 رنز کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا۔ اِس کی بدولت چھٹے مقام پر پہونچ چکے ہیں۔ مصباح الحق جنھوں نے اِس مقابلہ میں 69 اور ناقابل تسخیر 101 رنز کی شاندار سنچری اسکور کرنے کے علاوہ ٹسٹ کرکٹ کی تیز رفتار سنچری اسکور کی ہے، وہ اِس کی بدولت 3 مقامات کی چھلانگ کے ساتھ آٹھویں مقام پر پہونچ چکے ہیں۔ اظہر علی جنھوں نے ابوظہبی ٹسٹ کی دونوں اننگز میں سنچریاں اسکور کی ہیں اِس کی بدولت وہ 9 مقامات کی چھلانگ کے ذریعہ 18 ویں مقام پر پہونچ چکے ہیں۔ ٹسٹ درجہ بندی میں کمارا سنگاکارا اور اے بی ڈی ولیئرس بیٹسمنوں کی فہرست میں ابتدائی دو مقامات پر فائز ہیں۔