ممبئی 24 دسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ کی قومی سلیکشن کمیٹی سربراہ ایم ایس کے پرساد کاخیال ہے کہ محدود اوورز کی مسلسل نو سیریز سے ٹیم انڈیا سے باہر چل رہے آف اسپنر روی چندرن اشون اور لیفٹ آرم اسپنر رویندر جڈیجہ کے ون ڈے اور ٹوئنٹی 20 کا سفر ابھی ختم نہیں ہوا ہے ۔پرساد نے یہ بات اشون اور جڈیجہ کو جنوبی افریقہ کے دورے کے لئے منتخب کی گئی ون ڈے ٹیم سے بھی باہر رکھنے کے بعد کہی۔اشون اور جڈیجہ کو سری لنکا کے دورے میں ون ڈے سیریز اور واحد ٹوئنٹی 20 میچ کیلئے منتخب کیا گیا تھا۔اس کے بعد سے انہیں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے خلاف بھی محدود اوورز کی سیریز میں موقع نہیں ملا اور اب جنوبی افریقہ کے دورے کیلئے بھی ان پر غور نہیں کیا گیا۔ پرساد نے کہاکہ ان کیلئے محدود اوورز کے راستے بند نہیں ہوئے ہیں۔ہم نے نوجوان اسپنروں یجویندر چہل، کلدیپ یادو اور پٹیل پر انحصار دکھایا ہے ۔ ہم چمپئنز ٹرافی کے بعد انہیں بار بار کھلاتے رہے ۔ہم نے نئے کھلاڑیوں چہل اور کلدیپ کو آزمایا اور اکشر کو بھی موقع دیا۔چیف سلیکٹر نے کہاکہ بڑے مقابلوں کے ساتھ، وہ بہتر کر رہے ہیں اور یہ متفقہ فیصلہ ہے کہ انہیں طویل کردار ادا کرنا چاہئے ۔ ہم اسپن شعبے میں بنچ صلاحیتوں کو بڑھانا چاہتے ہیں اور آپ سب اس بات کو قبول کریں گے کہ ہمارے پاس پانچ چھ بہترین اسپنر ہیں۔