اشتعال انگیز تقریرمقدمہ ‘ راجہ سنگھ کا پولیس کو جواب

حیدرآباد 27 جولائی (سیاست نیوز) اشتعال انگیز تقریر کیس میں بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے دبیر پورہ پولیس کو اپنا جواب داخل کیا ۔ 24 جولائی کو پولیس دبیر پورہ نے راجہ سنگھ کو سی آر پی سی کی دفعہ 41 کے تحت وجہ نمائی نوٹس جاری کرتے ہوئے اندرون تین یوم جواب داخل کرنے کی ہدایت دی تھی جس پر رکن اسمبلی نے آج اپنے وکیل کے ذریعہ انسپکٹر دبیر پورہ مسٹر ایم مٹیاں کو نوٹس کا جواب حوالے کیا ۔ بتایا جاتا ہے راجہ سنگھ نے تعزیرات ہند کی دفعہ 153(A) کے تحت درج کئے گئے مقدمہ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے تحقیقاتی عہدیدار کو تحقیقات میں تعاون کرنے کا وعدہ کیا ہے ۔ اس ضمن میں سابق کارپوریٹر مجلس بچاو تحریک مسٹر امجد اللہ خان خالد نے راجہ سنگھ کے خلاف دبیر پورہ پولیس میں شکایت درج کی تھی اور ریاستی اقلیتی کمیشن سے بھی نمائندگی کی تھی۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون مسٹر اے وینکٹیشور راو نے کمیشن کو تحریر کردہ جواب میںبتایا کہ راجہ سنگھ کے خلاف اشتعال انگیز تقریر کے تین مقدمات زیر التواء ہیںاور مقدمہ چلانے کیلئے حکومت کے احکامات درکار ہیں ۔