اشتعال انگیز بیانات سے مسلمان خوفزدہ نہیں

بی جے پی قائدین کی سوچ کمزور، عمر عبداللہ کا ردعمل
سرینگر 3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نیشنل کانفرنس کے کارگذار صدر عمر عبداللہ نے آج کہاکہ پی ڈی پی اور بی جے پی اگر حکومت بنانے میں ناکام رہے تو اُن کی پارٹی تازہ انتخابات کے لئے تیار ہے۔ اُنھوں نے پی ڈی پی کو تائید کا امکان مسترد کردیا اور کہاکہ 2014 ء اسمبلی انتخابات کے بعد نیشنل کانفرنس نے جو پیشکش کی تھی وہ اب باقی نہیں رہی کیوں کہ پی ڈی پی نے ریاست میں بی جے پی کو اقتدار پر آنے کا موقع فراہم کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاست میں تشکیل حکومت کے لئے ہمیں مزید کتنا انتظار کرنا ہوگا۔ پی ڈی پی اور بی جے پی کو اپنا موقف واضح کرنا چاہئے۔ سابق چیف منسٹر نے وزیراعظم نریندر مودی سے اُن طاقتوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جو ملک میں ہندو اور مسلمان کے درمیان تفریق پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ تمام مذاہب کے ماننے والوں کو مل جل کر امن کے ساتھ رہنا چاہئے۔ آگرہ میں بی جے پی قائدین کی اشتعال انگیز تقاریر پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہاکہ اگر مسلمان کمزور ہوتے تو شاید ایک بی جے پی رکن کے بیان پر خوفزدہ ہوجاتے۔ دراصل اُن (بی جے پی قائدین) کی سوچ میں کمزوری ہے۔ اُنھوں نے جے این یو تنازعہ سے نمٹنے کے معاملہ میں مرکز کے طریقہ کار پر بھی نکتہ چینی کی اور کہاکہ وہ خاموش رہی یا پھر جب ضرورت پڑے غلط بیانی سے کام لیا۔