لندن ۔ 21 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) انگلش کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ پال فار بیریس نے ناقص فام کی وجہ سے شدید تنقیدوں کی زد میں موجود ٹیم کے کپتان الیسٹرکک کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ کک ہمارے لیڈر ہیں اور عنقریب وہ اپنا کھویا ہوا فام کرلیں گے۔ کک جوکہ گذشتہ ایک عرصہ سے ناقص فام کا شکار ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف وہ بہتر مظاہرہ نہیں کرپارہے ہیں بلکہ ٹیم کو بھی یکے بعد دیگرے مختلف سیریزوں میں ناکامی برداشت کرنی پڑ رہی ہے۔ اسسٹنٹ کوچ پال نے کہا کہ لارڈس ٹسٹ کی دوسری اننگز میں آوٹ ہونے سے قبل کک نے 93 گیندوں کا سامنا کیا جوکہ بہتر بیٹنگ کا ایک اشارہ ہے بھلے ہی انہوں نے اس اننگز میں زیادہ اسکور نہیں کیا۔ کک نے 93 گیندوں میں 2 چوکوں کی مدد سے 22 رنز اسکور کرنے کے بعد ایشانت شرما کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے مہیندر سنگھ دھونی کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔ کک کے علاوہ انگلش ٹیم کے ٹاپ آرڈر میں این بیل اور سیم راب سن کی جدوجہد بھی مسائل پیدا کررہی ہے چونکہ یہ کھلاڑی ٹیم کو بہتر شروعات فراہم کرنے میں کامیاب نہیں ہوپارہے ہیں جس کی وجہ سے میڈل آرڈر میں نوجوان بیٹسمین جیوروٹ اور ٹسٹ کیریئر کا ابھی آغاز کرنے والے کھلاڑی معین علی پر زیادہ دباؤ پڑ رہا ہے۔ کوچ نے کہا کہ ہندوستانی بولروں نے لارڈس ٹسٹ میں بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو کامیابی کیلئے نہ صرف 319 رنز کا ایک مسابقتی نشانہ دیا ہے بلکہ میزبان ٹیم کو نشانہ کے تعاقب میں ابتدائی نقصانات پہنچاتے ہوئے اس کیلئے کامیابی مشکل کردی ہے۔ اسسٹنٹ کوچ پال نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ میڈل آرڈر میں نوجوان روٹ اور معین علی ٹیم کیلئے اہم کھلاڑی ثابت ہوں گے۔ انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں پر امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں چند ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو کہ وکٹ پر مشکل حالات میں بھی بہتر بیٹنگ کی صلاحیت رکھتے ہیں جیسا کہ چند دن قبل ہیڈنگلے میں ان کھلاڑیوں نے مظاہرہ کیا تھا جس میں سنچری بھی اسکور کی گئی تھی۔ انگلش ٹیم جوکہ ان دنوں جدوجہد میں مصروف ہیں لیکن کوچ کو امید ہیکہ کھلاڑیوں نے حالیہ عرصہ میں چند ایسے مظاہرہ کئے ہیں جس کی عوام کو توقعات نہیں تھی۔ کوچ نے اس امید کا بھی اظہار کیا ہیکہ ٹیم میں ایسے کھلاڑی ابھر رہے ہیں جوکہ مشکل حالات میں بھی مقابلہ کو تبدیل کرنے والی گیندوں کا پرعزم انداز میں سامنا کررہے ہیں اور خود میں موجود آخری وقت تک مقابلہ میں باقی رہنے کی چاہ کو ظاہر کررہے ہیں۔ لارڈس ٹسٹ کے ضمن میں ہندوستانی بیٹسمینوں کے مظاہروں پر اظہارخیال کرتے ہوئے کوچ پال نے کہا کہ مرلی وجئے نے 95 رنز کی اننگز کھیلنے کے علاوہ رویندر جڈیجہ کے ہمراہ ٹیم کو بہتر موقف میں کھڑا کیا جبکہ جڈیجہ نے اپنے کیریئر کی پہلی ٹسٹ نصف سنچری اسکور کرنے کے علاوہ بھونیشور کمار کے ساتھ 99 رنز کی پارٹنر شپ نبھاتے ہوئے ٹیم کو کامیابی کیلئے پسندیدہ موقف میں کھڑا کیا ہے۔ پال کے بموجب اس میں کوئی شک نہیں کہ جڈیجہ کی اننگز نے مہمان ٹیم کو بہت فائدہ پہنچایا ہے لیکن انگلش ٹیم میں بھی ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو کہ وکٹ پر مشکل حالات میں بھی کھڑے رہتے ہوئے بہتر مظاہرہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ نوجوان کھلاڑیوں کے مظاہروں کی کوچ نے ستائش کی۔