نئی دہلی۔25 جون (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی نے وزیراعظم نریندر مودی کی للت مودی اور دیگر اسکینڈلس پر خاموشی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے داغدار وزراء و قائدین کو برطرف نہ کرنے کی صورت میں ملک گیر احتجاج شروع کرنے کی دھمکی دی ہے۔ پارٹی نے کہا کہ وزیر امور خارجہ سشما سوراج، چیف منسٹر راجستھان وسندھرا راجے کو للت گیٹ تنازعہ، مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی کو فرضی ڈگری تنازعہ اور پنکج منڈے کو جو کرپشن کے الزامات کا سامنا کررہی ہیں، فوری برطرف نہ کیا جائے تو ملک گیر سطح پر احتجاج شروع کیا جائیگا۔ پارٹی نے کہا کہ وزیراعظم جو پابندی سے ٹوئٹر پر رہتے ہیں اب ان مسائل پر خاموشی کیوں اختیار کئے ہوئے ہیں جس طرح منموہن سنگھ کا ریموٹ کنٹرول سونیا گاندھی کے پاس تھا اسی طرح وزیراعظم نریندر مودی کا ریموٹ کنٹرول جھنڈے والاں (دہلی میں آر ایس ایس آفس) اور ناگپور (آر ایس ایس ہیڈکوارٹر) کے پاس ہے۔ سینئر عام آدمی پارٹی لیڈر اشوتوش اور دہلی کنوینر دلیپ پانڈے نے کہا کہ اگر بی جے پی ان تینوں کے خلاف کارروائی نہیں کرے گی تو ملک گیر سطح پر احتجاج شروع کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ تومر معاملہ میں دہلی پولیس نے جس طرح کی سرگرمی دکھائی وہ اب سمرتی ایرانی معاملہ میں خاموش کیوں ہیں؟۔