نارائن پیٹ ۔ 7جنوری( راست) اردو میڈیم تحتانوی اور وسطانوی مدارس میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ کیلئے ریاست تلنگانہ میں اسکول کامپلکس کا احیاء عمل میں لایا جائے ۔ جناب رؤف حسام الدین ریاستی سکریٹری اسٹیٹ اردو ٹیچرس اسوسی ایشن ( سوٹا) نے اسٹیٹ پراجکٹ ڈائرکٹر سروا سکھشا ابھیان سے مطالبہ کیا ۔ جناب رؤف حسام الدین ریاستی سکریٹری سوٹا نے کہا کہ ضلع محبوب نگر میں گذشتہ تعلیمی سال تک اردو میڈیم کے اساتذہ کیلئے ضلع بھر میں جملہ 10اسکول کامپلکس موجود تھے مگر اس تعلیمی سال کے دوران اردو میڈیم کے صرف 3اسکول کامپلکس بنائے گئے ہیں جس میں محبوب نگر مستقر پر 02اور شاد نگر میں صرف ایک ہے ۔ اردو اسکول کامپلکس کے نہ ہونے کے سبب اساتذہ کی مطابقت اور دیگر گرانٹ کے حصول میں دشواریاں پیش آرہی ہیں جبکہ دیگر میڈیم کے اسکول کامپلکس سابق تعداد میں کام کررہے ہیں ۔ اس موقع پر مقامی سوٹا قائدین محمد دستگیر ‘ سید جلال الدین ‘ محمد ایوب و دیگر موجود تھے ۔