اسکول میں گھسنے کی کوشش کرنے والے مسلح افراد کی فائرنگ میں اسکول گارڈ زخمی

لاہور ۔ 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے صوبہ پنجاب میں دو مسلح افراد نے ایک اسکول میں گھسنے کی کوشش کی اور فائرنگ کردی جس میں اسکول کا ایک گارڈ زخمی ہوگیا۔ تاہم دیگر سیکوریٹی اہلکاروں نے مسلح افراد کی کوشش کو ناکام کردیا۔ بہاول نگر کے ہارون آباد علاقہ میں واقع ایک خانگی اسکول میں اس واقعہ کے بعد خوف و دہشت کا ماحول پیدا ہوگیا۔ ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق مسلح افراد نے اسکول میں گھسنے کی کوشش کرتے ہوئے فائرنگ کردی۔ تاہم پولیس کی بھاری جمعیت کے وہاں پہنچنے سے قبل ہی دونوں مسلح افراد فرار ہوگئے۔ تمام طلباء کا بحفاظت اسکول سے تخلیہ کروایا گیا۔