اسکول میں ناقص غذاؤں کے استعمال سے 133طالبات بیمار

رنگاریڈی؍مشرقی گوداوری۔ /30جولائی، ( این ایس ایس ) حیدرآباد کے پڑوسی ضلع رنگاریڈی کے کالوکا چرلہ منڈل میں واقع کستوربا گاندھی گروکل اسکول کی 30 اور ضلع مشرقی گوداوری کے راجول منڈل کے تحت شیواکوڈو گاؤں میں واقع گروکل اسکول کی 103 طالبات ناقص غذا کے استعمال کے سبب بیمار ہوگئیں۔ ذرائع کے مطابق یہ 133 طالبات سرکاری اداروں کی جانب سے سربراہ کی جانے والی غذاؤں میں شامل ناقص چاول کے سبب بیمار ہوئی ہیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق کستوربا گاندھی اسکول کی طالبات انہیں فراہم کی جانے والی غیر معیاری غذاؤں کے خلاف گذشتہ دو روز سے احتجاج کررہی تھیں۔
جن کی شکایت تھی کہ غذاؤں کا معیار ناقص تھا اور تاخیر سے غذا پہنچائی جارہی تھی۔ ان غذاؤں کے استعمال کے سبب کئی طالبات بد ہضمی اور پیٹ میں درد کی شکار ہوگئیں جن کا قریبی ڈسپنسریز میں علاج کروایا گیا۔ راجول کے شیواکوڈو گاؤں میں 103طالبات سڑی ہوئی غذا کے سبب بیمار ہوئی ہیں۔