اسکول بسوں کو نقصان پہونچانے پر اے بی وی پی کے تین کارکن گرفتار

بند کے دوران بسوں پر حملہ کا شاخسانہ، ابراہیم پٹنم پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ /8 جولائی (سیاست نیوز) رچہ کونڈہ کی ابراہیم پٹنم پولیس نے آج اکھیل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (اے بی وی پی) کے تین کارکنوں کو اسکول کی بسوں کو نقصان پہونچانے کے واقعہ میں ملوث ارکان کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ حالیہ دنوں اے بی وی پی کے بند کے دوران نادرگل میں واقع دہلی پبلک اسکول چلایاجارہا تھا جس پر کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے اسکول میں داخل ہوکر وہاں موجود 8 اسکول بسوں پر سنگباری کردی اور وہاں ہنگامہ آرائی کی ۔ پولیس ابراہیم پٹنم نے اس ضمن میں مقدمہ درج کرتے ہوئے حملے میں ملوث اے بی وی پی کارکنوں کی نشاندہی کرتے ہوئے آج اُس تنظیم کے تین کارکنوں 19 سالہ ستیہ نارائنا ریڈی اے بی وی پی اسٹیٹ سکریٹری 28 سالہ ایل ایپا اور 19 سالہ کے مہیش کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ اسکول کے احاطہ میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ حاصل کی گئی جس میں اے بی وی پی کارکنوں کی جانب سے سنگباری اور وہاں ہنگامہ آرائی کرنے کے واقعہ کا ثبوت دستیاب ہے جس پر یہ کارروائی کی گئی ۔ سابق میں اسی کیس میں ایک اے بی وی پی کارکن کو گرفتار کیا گیا تھا ۔