اسکولوں میں تعلیمی اشیاء کی فراہمی کا مطالبہ

سرپور ٹاؤن۔ 11 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاست تلنگانہ کے اُردو میڈیم اسکولس کی ترقی و فلاح اور ان کے کاموں کیلئے اُردو اکیڈیمی کی جانب سے بجٹ منظور کرنے تلنگانہ کے اُردو اکیڈیمی اسپیشل آفیسر ایس اے شکور سے آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس اسوسی ایشن قائدین اور آئیٹا AIITA مشرقی عادل آباد جنرل سیکریٹری محمد خلیل الدین کی نگرانی میں ملاقات کرتے ہوئے انہیں یادداشت پیش کی گئی۔ اس موقع پر اُردو اکیڈیمی تلنگانہ اسپیشل آفیسر ایس اے شکور کو آئیٹا ٹیچرس قائدین اور آئیٹا (AIITA) مشرقی عادل آباد یونین جنرل سیکریٹری محمد خلیل الدین نے تفصیلی طور پر بتاتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کے 10 اصلاع میں اُردو میڈیم اسکولوں میں اُردو میڈیم طلباء اور طالبات کی فلاح و بہبود اور ترقیاتی کاموں کو انجام دہی کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے بجٹ کی منظوری کا مطالبہ کیا اور ریاست تلنگانہ کے اُردو میڈیم اسکولوں میں زیرتعلیم طالب علموں کو سائنس کٹس کی بھی منظوری کی مانگ کی گئی تاکہ اُردو میڈیم طلباء کی تعلیمی قابلیت میں اضافہ ہو اور ریاست تلنگانہ میں تعلیم سال کے آغاز کے ساتھ ہی تمام ریاست کے اردو میڈیم اسکولوں میں اردو انسٹرکٹرس کے تقررات کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ گزشتہ ریاستی اُردو اکیڈیمی کی جانب سے اُردو اسکولوں میں زیرتعلیم بچوں کو بینچوں کیلئے فی کس پرائمری اور اپر پرائمری اسکولوں اور ضلع پریشد ہائی اسکولوں اُردو میڈیم کیلئے رقم منظور کرتے ہوئے اُردو میڈیم اسکولوں کے بچوں کو کرسیوں اور بینچوں کی سہولت دی تھی۔ اس لئے اس سال یعنی 2015-16ء کیلئے بھی اُردو میڈیم اسکولوں کو بینچوں اور سائنس کٹس اور تلنگانہ کے 10 اضلاع میں اُردو انسٹرکٹرس کی منظوری کرنے کیلئے یادداشت پیش کی گئی۔ اس موقع پر تلنگانہ اُردو میڈیم اسپیشل آفیسر ایس اے شکور نے آئیٹا یونین کو تیقن دیا کہ اُردو میڈیم اسکولوں کے مسائل کی یکسوئی کی جائے گی۔