ادونی میں عوامی مسائل کا جائزہ ، عہدیداروں سے رکن پارلیمان بی رینوکا کا خطاب
ادونی /14 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) دفتر بلدیہ ادونی میں رکن پارلیمان بٹارینوکا کی آمد پررکن اسمبلی ادونی سائی پرساد ریڈی ، بلدیہ چیرمن سروجماں ، نائب چیرمن الطاف حسین، کمشنر پردیب کمار اوردیگر بلدی عہدیداران کے ساتھ ایک میٹنگ کا انعقاد عمل میں آیا۔ جس میں رکن پارلیمان بٹارینوکا نے شہر کے مسائل ، پانی ، ڈرائنیج ، سڑکیں ، اسکولس ، ٹرافک وغیرہ کے مسائل پر بلدیہ کمشنر پردیپ کمارسے بات چیت کی۔ جس پر کمشنر نے کہا کہ شہر میں پانی کے مسائل کو حل کرنے کیلئے قدیم پائپ لائن کے لیکیج ہونے کے سبب اس کی جگہ نئے پائپ لائن ڈالا جارہا ہے۔ مزید بلدیہ کمشنر نے بتایا کہ پانی کو اسٹور کرنے کیلئے بساپور تالاب کے علاوہ قدیم تالاب اسلام جھرہ میں بھی پانی کو اسٹور کرنے کا منصوبہ تیار کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ پانی کے ٹینکس ، اسٹریٹ لائٹس، سڑکوں کی تعمیر ، نل کے نئے کنکشنس وغیرہ پر کام کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر رکن پارلیمان شریمتی بٹا رینوکانے بتایا کہ شہر میں ٹرافک مسائل بہت سارے ہیں انھیں جلد سے جلد حل کرنے کی کوشش کریںاور اسکولس میں طلبہ کو سہولتیں فراہم کرنے ٹیچرس کی کمی کو پوراکرنے کیلئے بھی کہا۔شہر میں ٹرافک نظام کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے ماسٹر پلان کو لیکر کمشنر نے بتایا کہ ڈرائنیج کے ساتھ سڑکوں کو وسیع کرنے کیلئے تقریبا 250 کروڑ کا خرچ آئے گا۔بعد ازاں پدپو گروپ لونس سے متعلق کئے گئے سوال پر پروجکٹ آفیسر شیخنا نے بتایا کہ 15کروڑ کی جگہ صرف 11 کروڑ روپئے گروپ لونس دئے گئے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ پدپو گروپ لونس حکومت کی جانب سے معاف نہ کئے جانے پر چند لوگوں نے بنک کو قرضہ جات ادا نہیں کئے ہیں۔ جس کے سبب بنک افسران نے بقیہ لون نہیں دیا ۔ قبل از رکن اسمبلی سائی پرساد ریڈی نے تمام عہدیداران سے کہا کہ ہم تمام کو عوام کی فلاح وبہبودی کیلئے مل جل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔لہذا ہمیں سیاسی پارٹی کے طور پر نہیں عوام کی خدمت کے جذبہ کو لیکر کام کرنا ہوگا۔ جس کے ذریعے ہم شہر کو ترقی دے سکتے ہیں۔ اس موقع پر ایم آئی ایم قائد فیاض باشاہ نے ایم پی شریمتی بٹارینوکا کو ایک میمورنڈم دیا جس میں خواتین ہاسپٹل میں حاملہ خواتین سے متعلق سیزرنگ زچگیوں کا مسئلہ ،انستھییسیا ڈاکٹر کی کمی، اور ہاسپٹل میں اسٹاف کی کمی کو پورا کرنے کیلئے کہا گیا ہے۔