بنگلور 12 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )کرناٹک لیجسلیچر کی کمیٹی نے ایک متنازعہ سفارش پیش کرتے ہوئے حکومت کو تجویز پیش کی ہے کہ عصمت ریزی جیسے واقعات کی روک تھام کیلئے اسکولوں اور کالجوں میں موبائیل فونس پر پابندی عائد کی جائے ۔ حکومت کرناٹک کو چاہئے کہ وہ محکمہ تعلیم کو ہدایت جاری کرتے ہوئے اسکولوں اور کالجوں میں موبائیل فونس پر پابندی عائد کرنے کو لازمی قرار دیں۔ طلباء کو اپنے ساتھ موبائل فونس نہ لانے کی ہدایت دی جائے ۔ خواتین اور بہبود اطفال پر اسمبلی کمیٹی میں یہ سفارشات پیش کی ہیں ۔ 23رکنی کمیٹی کی قیادت شکنتلا شیٹی کررہی ہیں ۔ انہوں نے واحد نکاتی سفارش پیش کرتے ہوئے کل کرناٹک قانون ساز کے دونوں ایوانوں میں متعارف کروایا ہے ۔ رپورٹ میں ملک اور شہروں کے اندر بڑھتے ہوئے عصمت ریزی کے واقعات کو اٹھایا گیا ہے ۔ حال ہی میں اتر پردیش کے اندر ایک دلت خاتون کا قتل کیا گیا اور 23 سالہ فزیوتھراپی طالبہ کی عصمت ریزی کی گئی تھی۔ طلباء کے ہاتھوں میں موبائیل فونس اور دیگر فحش تصاویر ہونے کی وجہ سے جذباتی ہیجان پیدا ہوتا ہے اس پر پابندی ضروری ہے۔