انچیان۔24ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام)ہندوستان اسکواش میں ایک اورمیڈل کے قریب پہنچ چکا ہے جیسا کہ یہاں رواں 17ویں ایشین گیمس میں وومنس ٹیم بشمول جوشنا چنپا اور دیپیکا پلیکل نے ہانگ کانگ کو 2-1سے شکست دی جس سے قبل پول بی میں پاکستان کوبھی 3-0سے شکست دی۔چنپا اور اناکا الن کامونی نے اپنے مقابلے جیتے جب کہ نمبر ایک کھلاڑی پلیکل کو ہانک کانگ کے خلاف ابتدائی مقابلے میں آئینی آیو کے خلاف سخت مقابلے کے باوجود شکست برداشت کرنی پڑی ۔ ہندوستانی اسکواش ٹیم جس نے چار برس قبل چین میں منعقدہ ایشین گیمس میں برونز میڈل حاصل کیا تھا اسے اس مرتبہ اپنے ریکارڈ کو بہتر کرنے کا موقع ہے اور کم از کم وہ سلور میڈل حاصل کرسکتی ہے ۔ ہانگ کانگ اور پاکستان کو شکست دینے کے بعد کل ہندوستانی ٹیم کو چین کو شکست دینی ہوگی تاکہ گروپ میں پہلا مقام حاصل کرسکے اور اس طرح ہندوستانی ٹیم کو سیمی فائنلس میں جنوبی کوریا یا جاپان سے مقابلہ کرنا پڑسکتا ہے ۔