اسکوائش کی سرکردہ کھلاڑی دیپیکا مجوزہ چمپین شپ سے لاعلم

ممبئی۔ 9 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ویمن اسکوائش کھلاڑی دیپیکا پلیکل آئندہ ماہ کینیڈا میں ہونے والی ورلڈ ٹیم چمپین شپ میں حصہ نہیں لیں گی کیونکہ وہ اس ٹورنمنٹ کے بارے میں لاعلم ہیں۔ کامن ویلتھ گیمس میں گولڈ میڈل جیتنے والی ڈبلز جوڑی جوشنا چنپا اور دیپیکا پر مشتمل تھی۔ جوشنا نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا تھا کہ ان کی ساتھی دیپیکا مجوزہ ٹورنمنٹ میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گی۔ جوشنا نے کہا کہ وہ یکم تا 6 ڈسمبر کینیڈا میں ہورہے اس ٹورنمنٹ میں دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ حصہ لے رہی ہیں۔ جوشنا کا اس وقت عالمی سطح پر 21 واں رینک ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیپیکا کی غیرموجودگی سے ٹیم کمزور ہوجائے گی۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ دیپیکا اس ٹورنمنٹ میں کیوں حصہ نہیں لے رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ سوال دیپیکا ہی سے کیجئے، تاہم دونوں سرکردہ اتھیلیٹس ورلڈ چمپین شپ میں حصہ لیں گے جب 12 تا 20 ڈسمبر قاہرہ (مصر) میں منعقد ہورہا ہے۔ دیپیکا نے کہا کہ وہ اسی ماہ منعقد ہونے والی سنگلز ورلڈ چمپین شپ کی تیاری کیلئے ورلڈ ٹیم چمپین شپ میں حصہ نہیں لے رہی ہیں۔ ان کا مقصد کامن ویلتھ گیمس اور ایشین گیمس میں ہندوستان کی نمائندگی کرتے ہوئے میڈلس حاصل کرنا ہے۔