حیدرآباد۔ 25 مارچ (سیاست نیوز) بہادر پورہ علاقہ میں پیش آئے ایک آتشزدگی کے واقعہ میں اِسکراپ گودام جل کر خاکستر ہوگیا۔ بہادر پورہ پولیس کے بموجب مقامی اسکراپ گودام میں آج شام اچانک آگ لگ گئی جس کے سبب علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ اسکراپ گودام کے مالک محمد بن سالم نے پولیس کو اس بات کی اطلاع دی جس پر کارروائی کرتے ہوئے مقامی فائر انجن کو طلب کرلیا گیا اور چند گھنٹوں میں آگ پر قابو پالیا گیا۔ اس حادثہ میں پلائی ووڈ لکڑی کی اشیاء کے علاوہ دیگر سامان بھی جل کر خاکستر ہوگیا۔ بہادر پورہ پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔