اسکراپ کے کاروبار میں 20کروڑ کی دھوکہ دہی

کمیشن کے لالچ میں لوگ لاکھوں روپئے سے محروم، ڈی ایس پی کی پریس کانفرنس
کورٹلہ۔/27جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تانبہ ( اسکراپ ) کے  کاروبار کے نام پر راجدھانی کے علاوہ تین اضلاع میں تقریباً 20کروڑ روپئے کی دھوکہ دہی کا واقعہ منظر عام پر آیا ہے۔ حیدرآباد کی قدیم بستی کے دو افراد کو سپرنٹنڈنٹ آف پولیس جگتیال جناب اننت شرما نے بروز چہارشنبہ گرفتار کیا۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اسکراپ کے دھندے کے سلسلہ میں کی گئی دھوکہ دہی کے واقعہ سے واقف کروایا۔ حیدرآباد کے محمد اصغر 36سال شکیل 32سال اسکراپ کے دھندے کے نام پر مختلف علاقوں میں اپنی جان پہچان کے لوگوں سے لاکھوں روپئے ڈپازٹ وصول کئے گئے۔ محمد اصغر اور شکیل نے ڈپازٹ کرنے والے افراد کو 40دن کے اندر فائدہ دلانے کا تیقن دیا اور 10لاکھ روپئے ڈپازٹ کرنے پر ایک لاکھ  منافع دینے کا تیقن دیا۔ اس ضمن میں کورٹلہ شہر کے محلہ سرور نگر کے چاند پاشاہ عمر 58سال نے2014 میں اصغر اور شکیل کو پہلی مرتبہ 10لاکھ اسکراپ کے دھندے کے سلسلہ میں رقم ڈپازٹ کروائی۔40دنوں میں چاند پاشاہ کو ایک لاکھ روپئے ادا کئے گئے۔ بعد ازاں پھر چاند پاشاہ کو 10لاکھ روپئے ڈپازٹ کرنے کو کہا اور اس کمیشن کے تحت ایک لاکھ روپئے ادا کئے۔ اس طرح چاند پاشاہ نے پیسوں کے لالچ میں آکر ایک سال کے دوران 75 لاکھ روپئے اسکراپ کے دھندے کے لئے ڈپازٹ کروائے۔ چند مہینوں تک کمیشن ٹھیک طور پر آتا رہا لیکن بعد ازاں اصغر اور شکیل نے رقم کی ادائیگی روک دی۔ جس پر چاند پاشاہ، اصغر اور شکیل کی دھوکہ دہی سے پریشان ہوکر حیدرآباد جاکر اصغر اور شکیل سے ملنے کی کوشش کی۔ لیکن وہاں پر اصغر اور شکیل نے غنڈوں کے ذریعہ ڈرا دھمکا کر انہیں واپس بھیج دیا۔ چاند پاشاہ جو اصغر اور شکیل کی دھوکہ دہی کا شکار ہوچکے ہیں۔25 ڈسمبر 2016 کو سرکل انسپکٹر آف پولیس کورٹلہ جناب راج شیکھر راجو سے اس واقعہ کی شکایت کی۔ اصغر اور شکیل کی گرفتاری کے بعد ان کی جانب سے کئے گئے دھوکہ دہی کے واقعات منظر عام پر آرہے ہیں۔ اسکراپ کا دھندا چلانے والے اصغر اور شکیل کے علاوہ نظام آباد ضلع بودھن کے نجیب اللہ عرف نوید کے اس دھندے میں ملوث ہونے کا پولیس کی جانب سے کی گئی پوچھ تاچھ پر انکشاف ہوا۔ کورٹلہ میں چاند پاشاہ کے پاس سے 75 لاکھ، جگتیال کے ایک شخص کے پاس سے 3کروڑ، آرمور کے شخص کے پاس سے 10لاکھ روپئے حیدرآباد میں دو افراد کے پاس سے 50لاکھ روپئے ڈپازٹ وصول کرتے ہوئے دھوکہ دہی کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ اس طرح 18 افراد کے پاس سے 20کروڑ روپئے کی دھوکہ دہی کرنے کا انکشاف ہوا۔ جناب اننت شرما سپرنٹنڈنٹ آف پولیس جگتیال نے یہ بات کہی۔ اس دھندے میں ڈپازٹ کروانے والے افراد کو کمیشن دیئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کی مکمل تحقیقات کی جارہی ہے۔ دھوکہ دہی کے واقعہ میں ملوث محمد اصغر شکیل پر کئی کیس درج ہیں۔ اسکراپ کے دھندوں کی روک تھام کرتے ہوئے ملزمین کی گرفتاری کرنے پر جناب اننت شرما سپرنٹنڈنٹ پولیس جگتیال نے سرکل انسپکٹر پولیس کو رٹلہ جناب راج شیکھر راجو، سب انسپکٹر پولیس کورٹلہ جناب کرشنا کمار کو مبارکباد پیش کی۔