اسکاٹ لینڈ 82رنز پر ڈھیر، پاکستان 0۔2 سے فاتح

ایڈن برگ۔14جون(سیاست ڈاٹ کام)پاکستان نے بولروں کی شاندار کارکردگی کی بدولت اسکاٹ لینڈ کو دورسرے ٹی20 میچ میں 84رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 سے کلین سوئپ مکمل کر لیا۔ایڈن برگ میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹی20 میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جسے اوپنرز نے ابتدائی طور پر درست ثابت کردکھایا۔احمد شہزاد اور فخر زمان نے ٹیم کو 60رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا لیکن پھر دونوں اوپنرز یکے بعد دیگرے بالترتیب 24 اور 33 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔گزشتہ میچ کے ہیرو کپتان سرفراز احمد اس مرتبہ بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 17 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔پاکستان کی مشکلات میں اس وقت اضافہ ہوا جب 98 کے مجموعی اسکور حسین طلعت اورآصف علی دونوں پویلین لوٹ گئے جس کے سبب پاکستان کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔98رنز پر 5وکٹیں گرنے کے بعد پاکستان کی ٹیم مشکلات سے دوچار نظر آتی تھی لیکن ٹیم کے سب سے تجربے کار بیٹسمین شعیب ملک اسکاٹش بولروں کے خلاف ڈٹ گئے۔شعیب ملک نے صرف 22 گیندوں پر 5 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے ناقابل شکست 49رنز کی اننگز کھیلنے کے ساتھ ساتھ شاداب خان کے ہمراہ 54 رنز کی شراکت بھی قائم کی۔پاکستان نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا، اسکاٹ لینڈ کی جانب سے مائیکل لیسک نے 3 اور کرس سول 2 وکٹیں حاصل کیں۔ایک نسبتاً آسان نظر آنے والے ہدف کے تعاقب میں اسکاٹ لینڈ کی ٹیم شروع سے ہی مشکلات سے دوچار نظر آئی اور کوئی بھی بیٹسمین پاکستانی بولروں کی نپی تلی بولنگ کا ڈٹ کر سامنا نہ کر سکا۔اسکاٹ لینڈ کی پوری ٹیم 15ویں اوور سے قبل ہی 82 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور میچ میں 84رنز کی شکست سے دوچار ہوئی۔اسکاٹ لینڈ کی جانب سے کلم میک لیوڈ 25، رچی بیرنگٹن 20 اور سفیان شریف 10 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ 8 کھلاڑی دہرے ہندسے میں بھی داخل نہ ہو سکے۔پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے 5 رنز دے کر 3 اور عثمان شنواری نے 4 رنز دے کر 2وکٹیں حاصل کیں۔اس میچ میں فتح کی بدولت پاکستان نے سیریز میں 2-0 سے کلین سوئپ مکمل کر لیا۔عثمان شنواری عمدہ بولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔