اسکاٹ لینڈ کیخلاف کامیابی کے بعد نیوزی لینڈ سرفہرست

ڈینوڈین ۔ 17 فبروری۔(سیاست ڈاٹ کام) میزبان نیوزی لینڈ نے کم اسکور لیکن مسابقتی مقابلے میں اسکاٹ لینڈ کو تین وکٹوں سے شکست دیتے ہوئے نہ صرف رواں ورلڈ کپ میں متواتر دوسری کامیابی حاصل کرلی ہے بلکہ گروپ اے میں پہلا مقام حاصل کرلیا ہے ۔ نیوزی لینڈ کی کامیابی میں فاسٹ بولروں نے کلیدی مظاہرہ کیا جیسا کہ ان میں ٹرینٹ بولٹ نے 21 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کرتے ہوئے حریف ٹیم کو 142 رنز تک محدود رکھا۔ مقابلے کے آغاز پر ہی بولٹ نے ابتدائی دو گیندوں میں اوپنر کالم میک لوڈ اور ہمیش گارڈینر کو پویلین کی راہ دکھادی جس کے بعد ٹم ساؤتھی نے دوسرے اوپنر کائل کوٹزر (1) اور حریف کپتان پرسٹن مامسن (0) کو متواتر دو گیندوں میں آؤٹ کرتے ہوئے حریف ٹیم کے اسکور کو 12/4 تک کردیا تھا۔ اس کے بعد مارٹ ماشن (56) اور رچی برینگٹن (50) نے پانچویں وکٹ کیلئے 97 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی ، تاہم ساری ٹیم 36.2 اوورس میں 142 پر ڈھیر ہوگئی ۔ نیوزی لینڈ کیلئے 143 رنز کا نشانہ بظاہر ایک آسان اسکور نظر آرہا تھا لیکن اسکاٹ لینڈ کے بولروں نے 21 اوور میں میزبان ٹیم کی نصف بیٹنگ لائن اپ کو پویلین پہونچا دیا تھا ۔ کین ولیمسن نے 38 رنز اور گرانٹ ایلیاٹ نے 29 رنز اسکور کرتے ہوئے 25.1 اوورس میں ٹیم کو کامیابی کیلئے مطلوبہ نشانہ دلوادیا ۔ اسکاٹ لینڈ کیلئے فاسٹ بولروں کی جوڑی ایان ورڈلا نے 57 رنز اور جوش ڈیوی نے 40 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرتے ہوئے اپنے درمیان 6 وکٹیں حاصل کیں جس سے نیوزی لینڈ کے بیٹسمینوں کیلئے حالات مشکل ہوگئے ۔