لکھنو ۔ 8 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بہوجن سماج پارٹی سربراہ مایاوتی نے آج ویاپم اسکام کی تحقیقات مکمل ہونے تک چیف منسٹر مدھیہ پردیش سے استعفیٰ کا پرزور مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور مہاراشٹرا میں اسکامس بے نقاب ہونے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے یہ عہد کرلیا ہے کہ نہ کہیں گے اور نہ کہنے دیں گے ۔ مایاوتی نے بتایا کہ اسکام سے وابستہ افراد کی مشتبہ حالت میں اموات ایک تشویشناک مسئلہ ہے اور اس معاملہ میں سی بی آئی تحقیقات کی وہ حمایت کرتی ہے۔ سپریم کورٹ کے دباؤ کے بعد سی بی آئی تحقیقات کے حق میں فیصلہ کردیا ہے ۔ بی ایس پی صدر نے الزام عائد کیا کہ یہ ایک وحشتناک کیس ہے اور مدھیہ پردیش حکومت سی پی آئی تحقیقات کیلئے مجبور ہوگئی ہے ۔ تاہم انہوںنے مدھیہ پردیش حکومت پر زور دیا کہ سی بی آئی تحقیقات کیلئے وہ مرکز سے راست نمائندگی کرے لیکن کیس پیچیدگیوں کے پیش نظر اس نے ہائیکورٹ میں درخواست پیش کی ہے۔ مایاوتی نے الزام عائد کیا کہ کرپشن اور اسکامس کے معاملہ میں کانگریس اور بی جے پی کے درمیان کوئی فرق نہیں رہا۔ انہوں نے بی جے پی کی زیر قیادت این ڈی اے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس نے IPL کمشنر للت مودی کی راست اور بالراست اعانت کی ہے۔