اسکالر شپ سے طالب علم کی تعلیمی کا رکردگی کے ساتھ حوصلہ افزائی

حیدرآباد۔/31ڈسمبر، ( سیاست نیوز) طالب علم کو اس کی اچھی کارکردگی کی وجہ اسکالر شپ دی جاتی ہے جس کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔ اس کو حاصل کرکے طالب علم اپنے تعلیمی مظاہرہ کو اور اچھی طرح پیش کریں۔ آج لڑکیاں لڑکوں کے مقابلے اچھا پڑھ رہی ہیں اور لڑکیوں کی ہمت افزائی ہونی چاہیئے۔ ان خیالات کا اظہار جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر ’سیاست ‘ نے محبوب حسین جگر ہال میں عذرا مسعود ایجوکیشنل چیریٹبل ٹرسٹ اسکالر شپ کی تقسیم کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جتنی زیادہ زبانیں سیکھیں گے اتنا زیادہ علم بڑھے گا، اردو مادری زبان ہے تلگو ریاستی و انگریزی بین الاقوامی زبان ہے، ان تینوں زبانوں پر مہارت سے سماج میں اچھا مقام بنتا ہے۔

انہوں نے میر شجاعت علی مسعود کو مبارکباد دیتے ہوئے اس کو وسعت دینے کا مشورہ دیا اور سماج میں جہیز کی لعنت کو ختم کرنے، لڑکیوں کے والدین پر بوجھ کو کم کرنے سادگی سے شادی کی مہم کو وسعت دینے پر زور دیا۔ علامہ اعجاز فرخ نے کہا کہ اسلا م کی تعلیمات سے دنیا کے تمام علوم نکلتے ہیں۔ لڑکیوں کی تعلیم سے معاشرہ میں سدھار ہوتا ہے، ایک لڑکی کی تعلیم ایک خاندان کی تعلیم ہوتی ہے۔ اسکالر شپ کے ذریعہ طلبہ کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔ عذرا مسعود ٹرسٹ کی یہ اسکیم مزید ترقی کرے ڈیڑھ لاکھ کی رقم میں دس گناہ اضافہ ہو۔ مہمان خصوصی جناب عثمان شہید نے کہا کہ سماجی برائیوں کے خاتمہ کیلئے خواتین کو آگے آنا چاہیئے۔ آج جہیز کے مطالبہ کیلئے ماں یا بہنیںذمہ دارہیں وہ چاہتے ہیں کہ ہمارے لڑکے کی شادی معیاری ہو اسلئے اس مہم میں جب مرد حضرات کے ساتھ خواتین شامل نہ ہو تو یہ کس طرح کامیاب ہوگی۔ لڑکیاں اچھا پڑھ رہی ہیں، ان میں صلاحیت ہے ان کیلئے مستقبل میں مسائل پیدا ہورہے ہیں۔

جناب میر شجاعت علی مسعود صدر نشین عذرا مسعود ایجوکیشنل چیریٹبل ٹرسٹ نے خیرمقدمی تقریر میں کہا کہ جملح زوجہ محترمہ عذرا وفات پر جو سرکاری ملازمت سے وابستہ تھیں ان کی رقم پر 40 لاکھ کی رقم سے ایک ٹرسٹ قائم کرکے ہر سال اسکالر شپ دی جارہی ہے۔اس موقع پر دیگر مہمانان محمد اعظم ( یو ایس اے ) مولانا سید حیدر علی الحسینی قادری کے ہاتھوں اسکالر شپ تقسیم کئے گئے۔112 طلباء و طالبات میں اشکالر شپ کی رقم ایک لاکھ 46 ہزار کی رقم تقسیم کی گئی۔ جناب احمد بشیر الدین فاروقی ریٹائرڈ ڈی ای او نے رپورٹ پیش کی۔ اردو ٹیچرس اور لکچررس کو ایوارڈس دیئے گئے۔ جن میں مسز شیلا، صابر پاشاہ قادری، محمد خلیل احمداور دیگر شامل ہیں۔ کیریئر کونسلر ایم اے حمید نے نظامت کی ۔ جناب خداداد خان، علی الگتمی، ڈاکٹر ایوب حیدری، احمد صدیقی مکیش، محمد سمیع الدین موجود تھے۔ آخر میں محمد یونس منیجنگ ٹرسٹی نے شکریہ ادا کیا۔