اسکالر شپس ،فیس ریمبرسمنٹ کی ادائیگی کا مطالبہ

عادل آباد 4 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )طلباء اور طالبات میں حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی ریمبرسمنٹ فیس ،اسکالر شپ کی عدم ادائیگی پر اکھیل بھارتیہ ودیارتی پریشد کے زیر اہتمام مستقر عادل آباد کے مختلف مدارس سے تعلق رکھنے والے طلباء نے دفتر ضلع کلکٹریٹ کے روبرو دھرنا منظم کیا ۔ طلباء کی جانب سے ریاستی حکومت کے خلاف نعرے بلند کئے جارہے تھے ۔ احتجاجی طلباء اپنے مطالبہ کی یکسوئی کرتے ہوئے اسکالر شپ رقم ،ریمبرسمنٹ فیس کی ادائیگی پر زور دے رہے تھے ۔ طلباء اور طالبات کے احتجاج کے پیش نظر دفتر ضلع کلکٹریٹ کے روبرو خواطر خواہ پولیس تعینات کردی گئی ۔ دفتر میں داخل ہونے والے دونوں باب الداخلہ پر پولیس کو چوکس کردیا گیا تا کہ احتجاجی طلباء دفتر کلکٹریٹ کے احاطہ میں داخل نہ ہوسکے ۔ طلباء اور طالبات پولیس کے گھیرے کو توڑتے ہوئے اندر داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے جس کی بناء پر کچھ دیر کیلئے پولیس جوانوں اور طلباء میں کشمکش کے مناظر دیکھے گئے ۔

پولیس اپنی کارروائی کو جاری رکھتے ہوئے اے بی وی پی کے قائدین کو حراست میں لیکر ٹو ٹاون پولیس اسٹیشن روانہ کیا ۔ قائدین کی گرفتاری کے خلاف برہم طلباء نے کومرم بھیم چوراستہ پر احتجاج منظم کرتے ہوئے راستہ روکو کیا بعدازاں اے بی وی پی قائدین کو پولیس نے شخصی ضمانت پر رہا کردیا ۔ طلباء و تنظیم قائدین نے آدھار کارڈ بنانے کے نظم کو جاری رکھنے کا بھی مطالبہ کیا جبکہ اس موقع پر ضلع کنوینر متیم ،محترمہ شہزادی ریاستی رکن ،رتنا مالہ ،سائی کرن ،منوج پاوار ، سریکانت ،دتو ،نوین ،رام ریڈی ،وی رمنا وغیرہ بھی موجود تھے ۔