عادل آباد۔10ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حکومت کی جانب سے اقلیتی طلباء و طالبات کو فراہم ہونے والی ’’اسکالرشپ‘‘ کیلئے جاریہ ماہ کی 20ستمبرتک مدارس کے امیدوار طلباء وطالبات درخواست فارم داخل کرسکتے ہیںیہ بات ڈائرکٹر میناریٹی ویلفیر آفیسر ‘ میناریٹی فینانس کارپوریشن ای ڈی مسٹر شاستری نے نمائندہ ’’سیاست‘‘ محبوب خان کو فون پر بتائی اور کہا کہ قبل از 10ستمبر تک اسکالرشپ درخواستیں حاصل کی جارہی تھیں جس میں حکومت کی جانب سے توسیع کرتے ہوئے 20ستمبر تک درخواستیں حاصل کی جارہی ہیں ۔ طلباء اور طالبات کو اس سے استفادہ حاصل کرنے کی خواہش کی گئی ہے ۔ موصوف نے اپنا سلسلہ گفتگو برقرار رکھتے ہوئے کہا کہ ضلع عادل آباد کے مساجد ‘ قبرستان ‘ درگاہوں کو آہک پاشی اور جزوی مرمت کرنے کی غرض سے حکومت کی جانب سے 50لاکھ روپئے فراہم ہوچکے ہیں فی کس 20ہزار روپئے کے چیک ریاستی وزیر مسٹر جوگو رامنا کے بدست اندرون ایک ہفتہ مساجد کمیٹی امیدواروں کو فراہم کئے جائیں گے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ ریاستی وزیر مسٹر جوگو رامنا کی خصوصی دلچسپی کی بناء پر ضلع عادل آباد کے 250 مساجدوں کی نشاندہی کی گئی تھی ۔ موصوف میدک کے ضمنی انتخابات میں میدک پارلیمانی حلقہ امیدوار کی تائید میں انتخابی مہم میں حصہ لئے ہوئے ہیں جس کی بناء پر رمضان المبارک کے مہینہ میں نشاندہی کردہ مساجد کو رقم حاصل ہونے میں تاخیر ہورہی ہے ۔ ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر مسٹر شاستری نے مزید کہا کہ غریب و نادار لڑکیوں کی شادی کیلئے حکومت کی جانب سے 51ہزار روپئے منظور کئے گئے ہیں تاہم ریاستی حکومت کی جانب سے جی او فراہم نہ ہوسکا ۔ جی او حاصل ہونے کے بعد شادیوں کی درخواستیں حاصل کی جائیں گی ۔ واضح رہے کہ ضلع میں ڈی ایم ڈبلیو او کا عہدہ مخلوعہ ہے ۔ مسٹر شاستری زائد ذمہ داری سنبھالے ہوئے ہیں ۔ قبل از مسٹر ایم اے غفار ڈسٹرکٹ ایمپلائمنٹ آفیسر کو یہ ذمہ داری دی گئی تھی ۔