اسکارفس ، دوپٹے ، ہماری روایات کے پاسدار

ہماری اپنی تہذیب و روایات کے رنگ بہت گہرے ، بے حد پکے ہیں ‘‘۔ صدشکر کہ ہم اس معاملے میں کافی خوش قسمت ، بڑے بانصیب ہیں کہ لاکھ جدیدیت کی پھوار سے بھیگے جائیں ، مگر اصلیت کی چھتری کبھی ہاتھ سے جانے نہیں دیتے ۔ خصوصاً اگر موقع ہمارے خاص تہواروں ، خالص مذہبی و روحانی تقریبات کا ہو ، ساری دنیا میں اسکارفس ، دوپٹوں میں لپٹے ، سمٹے سمٹائے وجود ، جھکی جھکی نگاہیں ، جا بہ جا دکھائی دے رہی ہیں۔ خیر اکثریتی طبقہ تو عمومی طورپر بھی اسلامی و مشرقی اقدار و روایات کی لاج رکھتا ہے ، بہت حد تک پاسداری کرتا ہی ہے ۔ ان دنوں خصوصیت کے ساتھ دو فیصد ’’مغربیت ‘‘ کے بھی رنگ ڈھنگ کافی بدلے ہوئے ہیں۔ موقع محل کی مناسبت سے خوبصورت ، نفیس ، اسٹرائیڈ اسکارفس ، دل کش عبایا اور لباس سے ہم آہنگ دوپٹوں سے اپنے آپ کو سجائیے ۔ آپ کی ذوق طبع کیلئے یہ حسین تر انتخاب یوں سمیٹ لائے ہیں کہ بے گھر ، در بہ در وہ نہیں ہوتا جس کے پاس رہنے کو اپنی زمین نہ ہو ، اصل سرگشتہ تو وہ ہوتا ہے جسے اپنی مٹی سے پیار نہ ہو ، اسے خود روند کر چلا جائے ۔ ہماری مانئے اپنی خوبصورت ثقافت ، مذہبی و مشرقی اقدار سے کسی نہ کسی صورت ضرور جڑے رہئے ، ورنہ دنیا میں تنہا ہوجائیں گے ۔