اسپیکر لوک سبھا کے خلاف تحریک کا امکان برقرار : سی پی آئی ایم

نئی دہلی ۔ 4 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سی پی آئی ایم کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری نے آج لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن کے خلاف 25 کانگریسی ارکان پارلیمنٹ کو معطل کردینے پر تحریک پیش کرنے کے امکانات کو مسترد نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ابھی فیصلہ نہیں کیا ہے ہم اسپیکر کی کارروائی کے خلاف ہیں۔ ہمیں دیکھنے دیجئے۔ یچوری نے ایک پریس کانفرنس سے پارٹی قائد رکن لوک سبھا پی کروناکرن کے ساتھ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس سوال کے جواب میں کہ کیا سی پی آئی ایم اسپیکر کے خلاف کوئی تحریک پیش کرے گی، یہ انکشاف کیا۔ اسپیکر کی کارروائی کو مسترد کرتے ہوئے یچوری نے کہا کہ اس کی آزاد ہند کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی کہ پارلیمنٹ میں قاعدہ 374-A کے تحت ایسی کارروائی کی گئی ہو۔ انہوں نے کہا کہ دو ارکان پارلیمنٹ ایوان میں غیرحاضر تھے۔ ان کے نام بھی معطل ارکان کی فہرست میں شامل ہیں۔ فہرست میں ان کے نام کس بنیاد پر شامل کئے گئے، انہوں نے کہا کہ نوعیت کے اعتبار سے یہ کارروائی سب سے زیادہ ہے۔ اس سے غیرضروری تعصب ظاہر ہوتا ہے۔ کروناکر نے کہا کہ اسپیکر کا فیصلہ ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے جس دفعہ کو ارکان پارلیمنٹ کو معطل کرنے کیلئے استعمال کیا ہے اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔