اسپین کی ورلڈ کپ میں پہلی کامیابی‘ آسٹریلیا کا مکمل صفایا

چلی کو شکست، ہالینڈ کو گروپ میں پہلا مقام
براسیلیا ۔ 24 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) برازیل میں راوں فٹبال ورلڈ کپ کے گروپ بی کے ایک میچ میں دفاعی چیمپیئن اسپین نے آسٹریلیا کو 3-0 گول سے شکست دے دی ہے۔اسپین اور آسٹریلیا دونوں کا اس ورلڈ کپ میں سفر تو پہلے ہی ختم ہو چکا ہے لیکن اس فتح کے نتیجہ میں اسپین کو ٹورنمنٹ میں ایک کامیابی ضرور ملی ہے۔کوئرتیبا میں منعقدہ میچ کے پہلے ہاف کے آغاز میں آسٹریلیائی ٹیم نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا اورگیند زیادہ تر اپنے کنٹرول میں رکھی۔تاہم 15 منٹ کے کھیل کے بعد اسپین کی ٹیم آہستہ آہستہ فارم میں آئی اور آسٹریلیائی گول پر حملے شروع کئے۔اسپین کے ڈیوڈ ویا نے کئی اچھی شاٹس لگائیں اور آسٹریلیائی ٹیم کو دباؤ میں لایا۔اسپین کے اس دباؤ کا نتیجہ 36 ویں منٹ میں گول کی صورت میں نکلا جب ویا نے انئیستا کے پاس پر ایڑھی گیند آسٹریلیائی گول میں پھینک کر اسپین کو برتری دلوا دی۔پہلے ہاف کے اختتام پر اسپین کی برتری برقرار رہی۔فرنانڈو ٹوریس نے دوسرے ہاف میں اسپین کی برتری دوگنی کر دی۔دوسرے ہاف کے آغاز سے ہی اسپین کی فارورڈ لائن نے برتری میں اضافے کی کوششیں کیں

لیکن آسٹریلیائی کھلاڑیوں کے پہلے ہاف کی طرح ابتدا میں گیند بہتر انداز میں کنٹرول کی۔دوسرے ہاف کے ابتدائی 20 منٹ میں 60 فیصد وقت آسٹریلیائی کھلاڑیوں کے قبضے میں رہی لیکن اس کے باوجود وہ گول کرنے میں ناکام رہے۔اسپین کا دوسرا گول بھی انیئستا کے پاس کا مرہونِ منت تھا۔ ان کے عمدہ پاس پر فرنانڈو ٹوریس نے بھی 69ویں منٹ میں گیند گول میں پھینکنے میں کوئی غلطی نہیں کی۔اسپین کے لیے پہلا گول کرنے والے ڈیوڈ ویا کی جگہ میدان میں اتارے جانے والے ماتا نے تیسرا گول کیا اور فیبریگاس کے آسٹریلیائی دفاعی کھلاڑیوں کے اوپر سے دیے گئے پاس پر ماتا کے پاس گول کرنے کے لئے وقت ہی وقت تھا۔ہسپانوی ٹیم کی یہ برتری میچ کے آخر تک قائم رہی اور 2010 کے دفاعی چیمپئن ٹیم کا ورلڈ کپ 2014 میں صرف تین نشانات اور گروپ میں تیسرے مقام کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچا۔یہ فٹبال ورلڈ کپ کی تاریخ میں مجموعی طور پر پانچواں اور متواتر دوسرا موقع ہے کہ دفاعی چیمپیئن کا ٹورنمنٹ پہلے ہی راؤنڈ میں ختم ہوا ہو۔اس سے قبل 2010 میں دفاعی چیمپیئن اٹلی کی ٹیم بھی پہلے ہی راؤنڈ میں باہر ہوگئی تھی۔ہالینڈ نے گروپ بی کے آخری میچ میں چلی کو 2-0 سے شکست دیکر گروپ بی میں پہلا مقام حاصل کر لیا ہے اور اب ناک آؤٹ مرحلے میں اس کا مقابلہ گروپ اے کی رنر اپ ٹیم سے ہو گا۔پہلے ہاف کے اختتام پر میچ برابر تھا تاہم دوسرے ہاف میں ہالینڈ نے دو گول کر کے چلی کو ٹورنمنٹ کی پہلی شکست سے دوچار کیا۔

ہالینڈ کی جانب سے دونوں گول متبادل کھلاڑیوں لیروئے فراور اور میمفس ڈیپائے نے کئے۔ پہلے ہاف میں چلی کی ٹیم بہتر کھیلی اور ہالینڈ کے مقابلے میں گول کرنے کے زیادہ مواقع حاصل کئے۔اسی ہاف میں چلی کے فیلیپے گوتیئریس کو گول کے دو سنہری مواقع ملے لیکن وہ گول کرنے میں ناکام رہے۔چلی کے اسٹرائیکر ایلکسس سانچز اپنی رفتار کی وجہ سے ہالینڈ کے دفاعی کھلاڑیوں کے لئے مسلسل درد سر بنے رہے۔اسپین کیخلاف شاندار گول کرنے والے روبن وین پرسی دو میچوں میں دو پیلا کارڈ حاصل کرنے کی وجہ اس میچ میں حصہ نہ لے سکے۔ان کی غیر موجودگی میں ہالینڈ کے اٹیک کے تمام ذمہ داری تجربہ کار آیئن روبن پر تھی۔پہلے ہاف کے کھیل سے واضح ہوگیا کہ برازیلی کوچ فلیپے اسکولاری چلی سے مقابلے سے کیوں بچنا چاہتے ہیں۔اب زیادہ امکان اسی کا ہے کہ اگلے مرحلے میں برازیل اور چلی آمنے سامنے ہوں گے۔ سیلٹک فٹبال کلب کے سابق کوچ نیل لینن کا کہنا ہے کہ چلی کو خود پر بہت اعتماد ہے۔ مجھے ان کا کھیل، کوچ، توانائی اور خود اعتمادی پسند ہے۔ اگلے راؤنڈ میں ان کا مقابلہ شاید برازیل سے ہوگا۔