لاس اینجلس ۔29 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) لاس اینجلس میں جاری اسپیشل اولمپکس میں پاکستانی تیراکوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا۔ خواتین کے سویمنگ مقابلے میں اقصیٰ جنجوعہ نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا جبکہ اس سے قبل مردوں کے تیراکی مقابلے میں عاصم زر نے سونے کا تمغہ جیتا۔ لاس اینجلس اسپیشل اولمپکس میں شامل پاکستانی اسپیشل اتھلیٹس کا دستہ ملک کا نام روشن کرنے کیلئے خوب زور لگا رہا ہے۔ ایونٹ میں ہونے والے خواتین کے 50 میٹر فری اسٹائل سویمنگ مقابلے میں پاکستان کی اتھلیٹ نے بہترین مظاہرہ پیش کرتے ہوئے سلور میڈل اپنے نام کیا جبکہ اس سے قبل مردوں کی 100 میٹر فری اسٹائل سویمنگ میں پاکستان کے عاصم زر نے سونے کا تمغہ جیت کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
ہیمبرگ ٹینس : رفائل نڈال نے ورداسو کو شکست دے دی
فرانس ۔29 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) ہیمبرگ ٹینس ٹورنمنٹ کے میچ میں اسپینی ٹینس اسٹار رفائل نڈال نے ہم وطن فرنانڈو ورداسو کو شکست دیدی۔ فرانس میں کھیلے گئے ٹینس ٹورنمنٹ میں نڈال اور ہم وطن فرنانڈو میں مقابلہ ہوا۔ فرنانڈو نے پہلے سٹ میں عالمی نمبر 10 ٹینس کھلاڑی کے خلاف شاندار کامیابی حاصل کی لیکن نڈال نے زبردست واپسی کرتے ہوئے اگلے 2 سٹ لگاتار جیت کر میچ میں فتح سمیٹ لی۔ ان کی جیت کا اسکور 3-6، 6-1، 6-1 رہا۔ فاتح کھلاڑی اگلے میچ میں آسٹریا کے اینڈریاس ہائیڈر کے خلاف میدان میں اتریں گے۔ حالیہ گرانڈ سلام ٹورنمنٹ ومبلڈن میں نڈال جلد خارج ہوگئے تھے اور ان پر عالمی درجہ بندی میں بھی تنزلی کی وجہ سے دباؤ بڑھتا جارہا ہے۔ یو ایس اوپن میں ان کے مظاہرہ پر شائقین کی نظر رہے گی۔