اسپورٹس ڈے سے والی بال کھلاڑی کرن کا خطاب

حیدرآباد ۔ 28 جنوری (سیاست نیوز) طلباء کیلئے تعلیم ان کی ترقی کی ضامن ہوتی ہے تو کھیل کود کی سرگرمیاں انسانی صحت و ذہنی سکون کیلئے مددگا ثابت ہوتی ہیں۔ ممتاز قومی والی بال کھلاڑی و سینئر پبلک ریلیشنز آفیسر آندھراپردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن مسٹر جی کرن ریڈی نے ریاستی سطح پر شانتی نکیتن اسکول میں منعقدہ کھیلوں کے مقابلوں کے موقع پر تقسیم انعامات کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اپنے حقیقی جذبہ و سچی لگن کے ساتھ محنت کرنے کے بعد اعلیٰ مقام حاصل کرنا کھلاڑی کیلئے کوئی مشکل کام نہیں ہوگا۔ انہوں نے طلباء و کھلاڑیوں پر زور دیا کہ اپنی سچن لگن کے ساتھ کھیل کود کی سرگرمیوں میں حصہ لیکر اپنے مستقبل کو درخشاں بنائیں۔ ان ریاستی سطح کے کھیلوں کے مقابلوں میں 20 ٹیموں نے حصہ لیکر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ اس طرح ان مقابلوں میں 1500 کھلاڑیوں نے (لڑکے لڑکیوں نے) والی بال، فٹبال، باسکٹ بال، ٹینس و دیگر کھیلوں میں حصہ لیا۔ اس تقریب میں وگنان کالج پرنسپل مسٹر جی سدھاکر راؤ، وائس پرنسپل گوتم کمار وگنان اسکول پرنسپل بھانوریکھا فزیکل ایجوکیشن ٹیچر رجنی کانت وغیرہ نے بھی شرکت کی۔

ابھرتی باکسر نغمہ کو ایک اور گولڈ میڈل
حیدرآباد ۔ 28 جنوری (سیاست نیوز) یوم جمہوریہ کے موقع پر منعقدہ ڈینس سوامی جونیر اوپن باکسنگ چمپیئن شپ جوکہ اسپورٹس کوچنگ فاونڈیشن کی جانب سے منعقد ہوئی تھی، اس میں حیدرآباد کی ابھرتی باکسر نغمہ نے 42 کلو گرام زمرے میں شرکت کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ فائنل میں انہوں نے سکندرآباد سے تعلق رکھنے والی باکسر شویتا کو شکست دی۔ قبل ازیں نغمہ نے گوہاٹی میں منعقدہ 59 نیشنل اسکول گیمس میں شرکت کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کو منوایا ہے۔ شیخ مختار سابق ریسلر کی دختر انڈو گرامر ہائی اسکول بازار گھاٹ میں 9 ویں جماعت کی طالبہ کوچ اوم کار یادو کی سرپرستی میں ہر ایونٹ میں بہتر مظاہرے کے ذریعہ توجہ کا مرکز بن رہی ہیں۔