اسپورٹس پرسنس کیلئے اسکالرشپس، 15 جون قطعی تاریخ

حیدرآباد ، 18 مئی ( ای میل ) انڈین آئیل کارپوریشن ( آئی او سی) نے 20 کھیلوں میں اسکالرشپس کا اعلان کیا ہے تاکہ اچھے ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی ہوسکے اور اسپورٹس پرسنس کا ایسا پول تشکیل پائے جس میں سے منتخب افراد کو کارپوریشن کیلئے اسپورٹ کیٹگری سے مقرر کیا جاسکے۔ صدر اولمپک اسوسی ایشن آف تلنگانہ ( او اے ٹی) پروفیسر کے رنگا راؤ کی اطلاع کے بموجب اس ضمن میں عمر کی اہلیت 14 تا 19 سال مقرر ہے اور اس اسکیم کی مدت 3 سال رہے گی۔ جہاں تک اسٹائپنڈ (مشاہرہ) کا معاملہ ہے، دو زمرے بنائے گئے ہیں: اسکالر کو 1.08 تا 1.32 لاکھ روپئے سالانہ ملیں گے جبکہ ایلیٹ اسکالر کو 1.44 تا 1.68 لاکھ روپئے فی سال حاصل ہوا کریں گے۔ ادخالِ درخواست کیلئے آخری تاریخ 15 جون 2015ء رکھی گئی ہے۔ مزید تفصیلات کیلئے ویب سائٹ www.iocl.com ملاحظہ کرسکتے ہیں۔ نیز دیگر وضاحت کیلئے دفتر اولمپک اسوسی ایشن آف تلنگانہ واقع روم نمبر 12، فرسٹ فلور، ایل بی اسٹیڈیم، حیدرآباد پر رجوع ہوسکتے ہیں۔ اس سلسلے میں قابل قبول گیمس یوں ہیں: آرچری، اتھلیٹکس، بیڈمنٹن، باسکٹ بال، بلیرڈز؍ اسنوکر، باکسنگ، کیرم، کرکٹ، فٹ بال، گولف، جمناسٹکس، ہاکی، کبڈی، شوٹنگ، سویمنگ، ٹینس، ٹیبل ٹینس، والی بال، ریسلنگ، چیس۔